ایمز میں خالی اسامیوں کو بھرنے کا عمل جاری :نڈا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 27-03-2026
ایمز میں خالی اسامیوں کو بھرنے کا عمل جاری :نڈا
ایمز میں خالی اسامیوں کو بھرنے کا عمل جاری :نڈا

 



نئی دہلی: مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے جمعہ کے روز لوک سبھا میں کہا کہ ملک کے تمام آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) میں خالی اسامیوں کو بھرنے کا عمل مسلسل جاری ہے اور معیار کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے ایوان میں وقفہ سوالات کے دوران کانگریس کے رکن محمد جاوید اور دیگر اراکین کے ضمنی سوالات کے جواب میں یہ بھی کہا کہ 1960 سے 1998 تک ملک میں صرف ایک ایمز قائم کیا گیا، اٹل بہاری واجپائی کے وزیر اعظم رہتے ہوئے چھ ایمز کھولے گئے، جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی کے 10 سالہ دور میں 23 ایمز قائم کیے گئے۔ نڈا نے کہا کہ مودی حکومت صحت کے شعبے میں کانگریس حکومتوں کے مقابلے میں کئی گنا آگے ہے۔

ایمز میں خالی اسامیوں سے متعلق سوال پر انہوں نے بتایا، مختلف ایمز کے لیے الگ الگ سلیکشن کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ ہر تین ماہ میں انٹرویو لیا جاتا ہے۔ ہم نے کوشش کی ہے کہ بھرتی کا عمل تیز ہو۔ ریٹائرڈ افراد کی خدمات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوشش کی جا رہی ہے کہ بھرتی کا عمل مسلسل جاری رہے۔