پرینکا گاندھی نے الیکشن کمیشن کو نشانہ بنایا

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 08-08-2025
پرینکا گاندھی نے الیکشن کمیشن کو نشانہ بنایا
پرینکا گاندھی نے الیکشن کمیشن کو نشانہ بنایا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
کانگریس کی رہنما پرینکا گاندھی واڈرا نے جمعہ کو الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں لگتا ہے کہ ان کی ذمہ داری صرف بی جے پی کے تئیں ہے تو انہیں اس پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ یہ بیان اس وقت آیا جب الیکشن کمیشن نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی سے انتخابات میں دھاندلی سے متعلق ان کے دعووں کی تفصیل حلف نامے کے ساتھ دینے کو کہا۔
جمعرات کو کم از کم تین ریاستوں کے چیف الیکٹورل آفیسرز نے راہل گاندھی سے ان ووٹروں کے نام شیئر کرنے کو کہا تھا جن کے بارے میں کانگریس لیڈر نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں ووٹر لسٹ میں غلط طریقے سے شامل کیا گیا ہے یا نکالا گیا ہے۔ اس کے بعد پرینکا نے آج الیکشن کمیشن کو نشانہ بنایا۔
کمیشن کے ذرائع نے کہا کہ راہل گاندھی یا تو انتخابی ضابطۂ عمل کے تحت ایک ڈیکلریشن پر دستخط کریں اور ان افراد کی فہرست دیں جن کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ انہیں ووٹر لسٹ میں غلط طریقے سے شامل یا خارج کیا گیا ہے، یا پھر انہیں ہندوستان کے عوام کو گمراہ کرنا اور کمیشن کے افسران پر ’بنیاد سے خالی الزامات‘ لگانا بند کرنا چاہیے۔
اس مسئلے پر پوچھے جانے پر پرینکا گاندھی نے کہا کہ سمجھ لیجیے، یہ جو حلف نامہ مانگ رہے ہیں وہ ایک ایسے قانون کے تحت ہے جس کے مطابق آپ کو 30 دن کے اندر عرضی دینی ہوتی ہے، ورنہ کچھ نہیں ہوگا۔ تو پھر وہ حلف نامہ کیوں مانگ رہے ہیں؟ اتنا بڑا انکشاف کیا گیا ہے۔ اگر یہ انجانے میں ہوا ہے تو اس کی جانچ کیجیے۔
انہوں نے سوال کیا کہ الیکشن کمیشن ووٹر لسٹ مشین سے پڑھنے کے قابل فارمیٹ میں کیوں نہیں دے رہا اور اس کی جانچ کیوں نہیں کر رہا۔
پرینکا نے پارلیمنٹ احاطے میں صحافیوں سے کہا کہ اس کے بجائے آپ کہہ رہے ہیں کہ ایک حلف نامے پر دستخط کرو، جو پارلیمنٹ میں لی جانے والی قسم سے بھی بڑی قسم ہے۔ ہم نے وہ قسم لی ہے، ہم سب کچھ عوامی طور پر کہہ رہے ہیں اور آپ کو ثبوت بھی دکھا رہے ہیں۔
کانگریس جنرل سکریٹری نے راہل گاندھی کے دعوے دہراتے ہوئے کہا کہ ایک اسمبلی میں ایک لاکھ سے زیادہ جعلی ووٹ پائے گئے ہیں، جس کا مطلب ہے کہ جسے بھی ووٹ دیا جائے وہی جیتے گا۔
الیکشن کمیشن کے تنقیدی بیانات پر پرینکا گاندھی نے پوچھا کہ جب انہوں نے جانچ ہی نہیں کی تو انہیں کیسے پتا کہ دعوے غلط ہیں؟
انہوں نے کہا کہ ثبوت ان کے سامنے ہیں اور انہیں جانچ کرنی ہوگی۔ جب تک وہ جانچ نہیں کریں گے، وہ اسے غلط کیسے کہہ سکتے ہیں؟ اس سے بڑا کوئی معاملہ نہیں ہو سکتا۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ یہ ہمارے ملک کی جمہوریت ہے۔ یہ کوئی مذاق نہیں ہے۔ یہ کسی ایک پارٹی یا کسی دوسری پارٹی کا مسئلہ نہیں ہے۔ اگر انہوں نے جانچ نہیں کی ہے تو وہ اسے بکواس نہیں کہہ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی ذمہ داری بڑی ہے۔ اگر انہیں لگتا ہے کہ ان کی ذمہ داری صرف بی جے پی اور ایک پارٹی کے تئیں ہے تو انہیں اس پر غور کرنا ہوگا کیونکہ جیسا کہ میرے بھائی نے کہا، ایک دن ایسا آئے گا جب دوسرے لوگ اقتدار میں ہوں گے اور پھر جن لوگوں نے ہماری جمہوریت کو پوری طرح برباد کرنے میں سازباز کی ہے، انہیں اس کا جواب دینا ہوگا۔
پرینکا گاندھی نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ (انڈین نیشنل ڈویلپمنٹل انکلوسیو الائنس) کے لیڈر مل کر طے کریں گے کہ آئندہ انتخابات میں دھاندلی کے معاملے پر کیسے آگے بڑھنا ہے، لیکن یہ واضح ہے کہ اس معاملے میں کچھ نہ کچھ گڑبڑ ضرور ہے۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ یہ آپ کو صاف نظر آ رہا ہوگا اور جس طرح ان کے لیڈر جواب دے رہے ہیں، اس سے بھی یہ واضح ہو گیا ہے۔ اگر آپ کسی استاد کے پاس جا کر کہیں کہ نقل ہو رہی ہے تو کیا استاد آپ کو تھپڑ مارے گا یا کہے گا کہ جانچ ہوگی؟ یہاں تو وہ انہیں (راہل گاندھی کو) گالیاں دے رہے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ حلف نامے پر دستخط کر دو۔ اگر آپ کی (کمیشن کی) ناک کے نیچے اتنا بڑا ’اسکینڈل‘ ہو رہا ہے اور آپ کچھ نہیں کر رہے تو اس کی جانچ کیجیے۔