جیلوں میں قیدیوں کی تعداد گنجائش سے زیادہ: پارلیمنٹ میں حکومت نے بتایا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 07-08-2025
جیلوں میں قیدیوں کی تعداد گنجائش سے زیادہ: پارلیمنٹ میں حکومت نے بتایا
جیلوں میں قیدیوں کی تعداد گنجائش سے زیادہ: پارلیمنٹ میں حکومت نے بتایا

 



نئی دہلی: حکومت نے بتایا ہے کہ ملک کی جیلوں میں قیدیوں کی تعداد منظور شدہ گنجائش سے زیادہ ہے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ، بندی سنجے کمار نے راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں یہ اطلاع دی۔

انہوں نے نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کی سالانہ رپورٹ "کاراگار سانکھیاکی ہندوستان 2022" کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 31 دسمبر 2022 تک ملک کی جیلوں میں کل 5,73,220 قیدی بند تھے، جب کہ ان جیلوں کی منظور شدہ گنجائش صرف 4,36,266 تھی۔ ان میں سے 4,34,302 قیدی زیر سماعت تھے۔

وزیر نے بتایا کہ آئین ہند کی ساتویں شیڈول کی فہرست دوم کی اندراج نمبر 4 کے تحت 'جیل' اور 'قیدیوں کا انتظام' ریاستی فہرست کے موضوعات ہیں، لہٰذا جیلوں کا نظم و نسق اور انتظام متعلقہ ریاستی حکومتوں کی آئینی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملک بھر کی جیلوں میں ریاستی قانونی خدمات اتھارٹیوں کے ذریعہ مفت قانونی امداد کے کلینک قائم کیے گئے ہیں تاکہ کوئی بھی قیدی قانونی نمائندگی سے محروم نہ رہے۔

وزیر مملکت نے یہ بھی بتایا کہ اس کے علاوہ نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی (NALSA) کی طرف سے جیلوں میں بیداری کیمپ منعقد کیے جاتے ہیں، جن میں مفت قانونی امداد، مصالحت، لوک عدالتوں اور ضمانت کے حق جیسی معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عدالتوں اور جیلوں کے درمیان ویڈیو کانفرنسنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ زیر سماعت قیدیوں کی پیشی اور سماعت میں تیزی لائی جا سکے۔ این سی آر بی کی رپورٹ کے مطابق 31 دسمبر 2022 تک ملک کی کل 1350 جیلوں میں سے 1150 جیلوں میں یہ سہولت دستیاب تھی۔