نئی دہلی
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے پیر کے روز دعویٰ کیا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جانب سے عوام سے سونا نہ خریدنے، پٹرول کم استعمال کرنے اور دیگر اپیلیں کرنا دراصل ان کی ناکامی کا ثبوت ہے، اور اب ملک چلانا ان کے بس کی بات نہیں رہی۔کانگریس رہنما نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعظم ہر بار ذمہ داری عوام پر ڈال دیتے ہیں تاکہ خود جوابدہی سے بچ سکیں۔
راہل گاندھی نے ’’ایکس‘‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ مودی جی نے کل عوام سے قربانی مانگی کہ سونا مت خریدو، بیرونِ ملک مت جاؤ، پٹرول کم استعمال کرو، کھاد اور کھانے کا تیل کم استعمال کرو، میٹرو میں سفر کرو اور گھر سے کام کرو۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ نصیحتیں نہیں بلکہ ناکامیوں کے ثبوت ہیں۔لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف نے کہا کہ بارہ سال میں ملک کو اس مقام پر پہنچا دیا گیا ہے کہ عوام کو بتایا جا رہا ہے کہ کیا خریدیں، کیا نہ خریدیں، کہاں جائیں اور کہاں نہ جائیں۔ ہر بار ذمہ داری عوام پر ڈال دی جاتی ہے تاکہ خود جوابدہی سے بچا جا سکے۔انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اب ملک چلانا ’’سمجھوتہ شدہ وزیرِ اعظم‘‘ کے بس کی بات نہیں رہی۔
دراصل وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز کہا تھا کہ مرکزی حکومت عوام کو جنگ کے منفی اثرات سے بچانے کے لیے کوششیں کر رہی ہے، اور انہوں نے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ چیلنجوں سے نمٹنے اور ملک کی مدد کے لیے عملی اقدامات کریں۔ہندوستانی جنتا پارٹی کی تلنگانہ یونٹ کی جانب سے منعقدہ ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا تھا کہ جنگ کے باعث پٹرول اور کھاد کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب سپلائی نظام پر دباؤ بڑھتا ہے تو بحران سے نمٹنے کے مختلف اقدامات کے باوجود مشکلات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔