وزیر اعظم نریندر مودی نے دہلی میں کرتویہ بھون کا افتتاح کیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 06-08-2025
وزیر اعظم نریندر مودی نے دہلی میں کرتویہ بھون کا افتتاح کیا
وزیر اعظم نریندر مودی نے دہلی میں کرتویہ بھون کا افتتاح کیا

 



نئی دہلی: نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کرتویہ پتھ پر واقع نو تعمیر شدہ "کرتویہ بھون" کا افتتاح کیا۔ اس جدید عمارت کا مقصد مختلف مرکزی وزارتوں اور محکموں کو ایک جگہ منتقل کر کے انتظامی کارکردگی، جدت طرازی اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ نئی عمارت میں وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، دیہی ترقی، ایم ایس ایم ای، عملہ و تربیت (DOPT)، پیٹرولیم و قدرتی گیس، اور وزیر اعظم کے سائنسی مشیر کا دفتر شامل ہوگا۔

کرتویہ بھون سینٹرل وسٹا پروجیکٹ کا حصہ ہے، جس کے تحت دہلی میں کل 10 جدید عمارتوں کی تعمیر کی جا رہی ہے۔ ان میں سے کرتویہ بھون-3 مکمل ہو چکا ہے، جس کا افتتاح وزیر اعظم نے کیا۔ افتتاح کے بعد وزیر اعظم مودی نے شام چھ بجے کرتویہ پتھ پر ایک عوامی جلسے سے بھی خطاب کیا۔

منصوبے کی تکمیل کے بعد مرکزی حکومت سالانہ تقریباً 1500 کروڑ روپے کے کرائے کی بچت کرے گی۔ یہ جدید دفتری عمارت تقریباً 1.5 لاکھ مربع میٹر پر پھیلی ہوئی ہے اور اس میں دو بیسمنٹ اور سات منزلیں (زمین سمیت چھ منزلیں) شامل ہیں۔ اس وقت حکومت کے کئی اہم دفاتر 1950 اور 1970 کی دہائی میں تعمیر شدہ عمارتوں جیسے شاستری بھون، کرشی بھون، ادیوگ بھون اور نرمات بھون میں قائم ہیں، جو اب خستہ حال ہو چکی ہیں۔

کرتویہ بھون میں محفوظ اور آئی ٹی سے لیس دفتری ماحول، اسمارٹ انٹری سسٹم، الیکٹرانک مانیٹرنگ اور کمانڈ سینٹر، سولر پینل، سولر واٹر ہیٹر، ای-گاڑیوں کے لیے چارجنگ اسٹیشن، گندے پانی کی ری سائیکلنگ اور ٹھوس کچرا مینجمنٹ جیسے ماحول دوست انتظامات شامل کیے گئے ہیں۔ عمارت کو ٹھنڈا رکھنے اور بیرونی شور کو کم کرنے کے لیے خاص شیشے کی کھڑکیاں نصب کی گئی ہیں۔

یہ عمارت توانائی کی بچت کے تصور کے تحت تیار کی گئی ہے، جو عام عمارتوں کے مقابلے میں 30 فیصد کم بجلی استعمال کرتی ہے۔ یہاں توانائی بچانے والی ایل ای ڈی لائٹس، خودکار سینسر، اسمارٹ لفٹس اور بجلی کے استعمال کی نگرانی کرنے والا جدید نظام نصب کیا گیا ہے۔ شہری ترقیات کے وزیر منوہر لال کھٹر نے بتایا کہ اگلے ماہ تک کرتویہ بھون-1 اور کرتویہ بھون-2 بھی مکمل ہو جائیں گے، جن کی تعمیر آخری مراحل میں ہے۔

باقی سات عمارتیں اپریل 2027 تک مکمل کر لی جائیں گی۔ اس پورے منصوبے پر تقریباً 1000 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ ان عمارتوں کی نگرانی کے لیے ایک جدید سی سی ٹی وی کمانڈ سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پہلے ان عمارتوں کو "کامن سینٹرل سیکریٹریٹ" کہا جاتا تھا، لیکن اب انھیں کرتویہ بھون کے نام سے جانا جائے گا۔

ان عمارتوں کو دہلی میٹرو سے جوڑنے کے لیے اندرپرسٹھا میٹرو اسٹیشن سے ایک نئی میٹرو لائن بنانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ وزیر کھٹر نے اس موقع پر کہا کہ ان عمارتوں کی تعمیر اس لیے ضروری ہو گئی تھی کیونکہ موجودہ عمارتیں 1950 سے 1970 کے درمیان بنائی گئی تھیں، جو اب 75 سال سے زیادہ پرانی ہو چکی ہیں۔ ان کی مرمت اور دیکھ بھال کا سالانہ خرچ بہت بڑھ گیا ہے۔

فی الوقت مرکزی حکومت کے پاس 55 وزارتیں اور 93 محکمے ہیں جو نارتھ بلاک، ساؤتھ بلاک اور دیگر پرانی عمارتوں میں قائم ہیں۔ نئی عمارتوں کے مکمل ہونے کے بعد نارتھ اور ساؤتھ بلاک کو خالی کرا لیا جائے گا اور وہاں "بھارت میوزیم" قائم کیا جائے گا۔

اس میوزیم میں مہابھارت کے عہد سے لے کر موجودہ دور تک کے بھارت کی تاریخ، فن اور ثقافت کو بغیر کسی ساختی تبدیلی کے محفوظ اور پیش کیا جائے گا۔ مرکزی وزیر کے مطابق سینٹرل وسٹا پروجیکٹ کا پورا کام دسمبر 2031 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت وزیر اعظم کے لیے نیا رہائشی کمپلیکس اور دفتر بھی تعمیر کیا جائے گا، جس پر کام شروع ہو چکا ہے۔