وزیر اعظم مودی مسلح افواج کے اعلیٰ کمانڈروں کی کانفرنس سے خطاب کریں گے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 09-09-2025
 وزیر اعظم مودی مسلح افواج کے اعلیٰ کمانڈروں کی کانفرنس سے خطاب کریں گے
وزیر اعظم مودی مسلح افواج کے اعلیٰ کمانڈروں کی کانفرنس سے خطاب کریں گے

 



 نئی دہلی،  وزیر اعظم نریندر مودی آپریشن سندور کے بعد پہلی مرتبہ مسلح افواج کے اعلیٰ کمانڈروں کی کانفرنس سے خطاب کریں گے اور قومی سلامتی سے متعلق امور پر حکومت کا نقطۂ نظر فوجی قیادت کے ساتھ شیئر کریں گے۔ یہ کانفرنس 15 سے 17 ستمبر تک کولکاتا میں منعقد ہوگی، اور یہ پہلا موقع ہے کہ اس نوعیت کی اہم میٹنگ کولکاتا میں ہو رہی ہے۔

عالمی جغرافیائی سیاسی منظرنامے میں تیزی سے آنے والی تبدیلیوں اور دنیا کے مختلف حصوں میں جاری تنازعات کے پیشِ نظر، آپریشن سندور کے پس منظر میں ہونے والی یہ کانفرنس نہایت اہم سمجھی جا رہی ہے۔ اجلاس میں مستقبل کے چیلنجز اور ان سے نمٹنے کی حکمت عملی پر خاص طور پر غور کیا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم کو تینوں افواج کے انضمام اور ’’تھیٹر کمان‘‘ کی تشکیل جیسے بڑے اصلاحاتی منصوبوں پر پریزنٹیشن دی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ دفاعی شعبے میں ’میک ان انڈیا‘ اسکیم کی پیش رفت، دیسی ہتھیاروں اور جنگی پلیٹ فارمز کی موجودہ صورتحال پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔ آپریشن سندور میں استعمال ہونے والے ملکی ہتھیاروں کے بارے میں علیحدہ پریزنٹیشن بھی تیار کی جا رہی ہے۔

اس سال کی کانفرنس کا مرکزی موضوع ہے: ’’اصلاحات کا سال – مستقبل کے لیے تبدیلی‘‘۔ وزیر اعظم نریندر مودی کانفرنس کا افتتاح کریں گے، جبکہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوبھال، وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان اور دفاعی سکریٹری راجیش کمار سنگھ بھی اس میں شریک ہوں گے۔ تینوں افواج کے سربراہان، مشترکہ دفاعی اسٹاف کے اعلیٰ افسران اور دیگر وزارتوں کے سکریٹریز کی شرکت بھی متوقع ہے۔

یہ کانفرنس اصلاحات، تبدیلی اور آپریشنل تیاریوں پر مرکوز ہوگی۔ اس دوران مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کے ساتھ براہ راست بات چیت کے خصوصی سیشن بھی رکھے جائیں گے۔

یاد رہے کہ یہ کانفرنس مسلح افواج کے لیے غور و فکر اور پالیسی سازی کا سب سے اعلیٰ پلیٹ فارم ہے، جہاں ملک کی اعلیٰ سول اور فوجی قیادت نظریاتی و حکمت عملی کی سطح پر خیالات کا تبادلہ کرتی ہے۔