بنگلورو، وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز ’ کے ایس آر ریلوے اسٹیشن‘ پر منعقدہ ایک شاندار تقریب میں تین نئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائی۔
مسٹر مودی نے بنگلورو اور شمالی کرناٹک کے بیلگاوی کے درمیان چلنے والی وندے بھارت ٹرین کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ وزیر اعظم مودی شاندار انداز میں سجائی گئی اس ٹرین کے اندر بھی گئےاور مسافروں کے ساتھ ساتھ اسکول کے بچوں سے بھی بات چیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے پنجاب کے امرتسر سے جموں و کشمیر کے کٹرا اور مہاراشٹر میں ناگپور سے پونے تک نئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو بھی علامتی طور پر جھنڈی دکھائی۔ اس موقع پر ریلوے کے وزیر اشونی وشنو اور دیگر معززین بھی موجود تھے
وندے بھارت ایکسپریس کی افتتاحی تقریب میں طلباء نے شرکت کی، اس موقعے کا بے صبری سے انتظار کر رہے طلباء نے کہا کہ یہ ’’زندگی میں ایک بار ملنے والا موقع اور ایک اعزاز‘‘ہے، طلباء نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات پراظہار تشکر کیا۔ طلباء نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں بہت خوش ہوں اور ہندوستانی ریلوے کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے یہ موقع فراہم کیا۔ مودی جی میرے آئیڈیل سیاست دان ہیں، میں نے ان کے کیریئر میں کوئی داغ نہیں دیکھا۔ وہ دوسرے سب سے زیادہ عرصے تک اپنی خدمات انجام دینے والے وزیر اعظم ہیں اور انہوں نے تعلیم ، ریلوے اور دفاع جیسے شعبوں میں ملک کو آگے لے جانے کے لیے انتھک محنت کی ہے‘‘۔ وندے بھارت ایکسپریس کو ’’ہندوستانی ریلوے میں سب سے زیادہ حیرت انگیز پیش رفت‘‘ قرار دیتے ہوئے ایک مسافر نے کہا کہ تقریباً 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی یہ پریمیم ٹرین ہندوستان کی جدید انجینئرنگ کی عکاسی کرتی ہے اور خود کفیلی کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ مسافر نے کہا’’اس ٹرین نے نہ صرف سفر کے آرام اور طرزِ زندگی کو بہتر بنایا ہے بلکہ یہ جدیدیت اور قوم پرستی کی علامت بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تقریب خود کفیل ہندوستان، قومی فخر اور ریلوے کی ترقی جیسے موضوعات کا امتزاج ہے۔