وزیر اعظم مودی نے ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان مکالمہ کو مفید قراردیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 12-09-2021
وزیر اعظم مودی نے ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان مکالمہ کو مفید قراردیا
وزیر اعظم مودی نے ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان مکالمہ کو مفید قراردیا

 

 

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے 'ٹو پلس ٹو' مکالمہ کو بہت مفید قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط کرنے کی علامت ہے۔

ہفتہ کو ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹو پلس ٹو مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مجموعی دفاعی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید بڑھانا تھا۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپنے آسٹریلوی ہم منصب ماریس پاینے اور پیٹر ڈٹن سے بات چیت کی۔

وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کیا ، "وزیروں مارس پاینے اور پیٹر ڈٹن ایم پی سے مل کر خوشی ہوئی۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا وزارتی ٹو پلس ٹو مکالمہ بہت نتیجہ خیز رہا۔ میں اپنے دوست اسکاٹ ماریسن ایم پی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری پر توجہ دی۔ '

اس بات چیت کے لیے بھارت آنے والے آسٹریلوی وزراء نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ جے شنکر نے ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان مذاکرات کو معنی خیز قرار دیا۔

انہوں نے بات چیت کے دوران کہا کہ ہم ایک انتہائی اہم وقت پر مل رہے ہیں ، جب ایک وبائی بیماری کے ساتھ ہم ایک جیو پولیٹیکل ماحول کا سامنا کر رہے ہیں جو تیزی سے ہنگامہ خیز ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان کے پاس بہت سے منتخب ممالک کے ساتھ بات چیت کے لیے ٹو پلس ٹو فارمیٹ ہے۔

وزارت خارجہ اور دفاعی مذاکرات ایک ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب کواڈ گروپ کے ارکان انڈو پیسفک خطے میں تعاون بڑھانے کے لیے نئی کوششیں کر رہے ہیں۔ بھارت اور آسٹریلیا کے علاوہ امریکہ اور جاپان بھی اس گروپ میں شامل ہیں۔

آبزرور ریسرچ فاؤنڈیشن ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے پاینے نے کہا کہ کواڈ تیزی سے اور بہت مؤثر طریقے سے بڑھا ہے اور آسٹریلیا نے خطے میں مضبوط قائدانہ کردار ادا کرنے پر ہندوستان کی تعریف کی ہے۔