نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج نئی دہلی کے بابا کھڑک سنگھ مارگ پر اراکین پارلیمنٹ کے لیے 184 نو تعمیر شدہ ٹائپ 7 کثیر منزلہ فلیٹوں کا افتتاح کیا اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حال ہی میں میں نے کرتویہ پتھ پر کرتویہ بھون کے نام سے موسوم کامن سنٹرل سکریٹریٹ کا افتتاح کیا تھا اور آج انہیں اراکین پارلیمنٹ کے لیے نئے تعمیر شدہ رہائشی کمپلیکس کا افتتاح کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے ہندوستان کی چار بڑی ندیوں کے نام سے موسوم کئے گئے چار ٹاور - کرشنا، گوداوری، کوسی اور ہگلی کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دریا، جو لاکھوں لوگوں کو زندگی بخشتے ہیں، اب عوامی نمائندوں کی زندگیوں میں خوشی کی نئی لہر کی تحریک کا باعث بنیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں اراکین پارلیمنٹ کے لیے نو تعمیر شدہ رہائشی کمپلیکس کے ایک سیمپل فلیٹ کا دورہ کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پرانے ایم پی کی رہائش گاہوں کی حالت کا مشاہدہ کرنے کے مواقع بھی ملے ہیں۔مسٹر نریندر مودی نے کہاکہ پرانی رہائش گاہیں اکثر بدحالی کا شکار رہتی ہیں، جس سے ارکان پارلیمنٹ کو اپنی رہائش گاہوں کی خراب حالت کی وجہ سے بار بار درپیش پریشانیوں کی شکایت کرنی پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ارکان پارلیمنٹ کو اپنے نئے گھروں میں داخل ہونے کے بعد اس طرح کے چیلنجوں سے نجات مل جائے گی۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ جب اراکین پارلیمنٹ رہائش کے ذاتی مسائل سے آزاد ہوں گے تو وہ اپنا وقت اور توانائی زیادہ مؤثر طریقے سے عوامی مسائل کے حل کے لیے وقف کر سکیں گے۔
اس بات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہ اراکین پارلیمنٹ کےلئے نو تعمیر شدہ رہائش گاہوں میں پائیدار ترقی کے کلیدی عناصر کو شامل کیا گیا ہے، مسٹر نریندر مودی نے کہا کہ یہ پہل ملک کے حامی ماحولیات اور محفوظ مستقبل کے نقطہ نظر سے ہم آہنگ ہے۔ وزیراعظم نے ہاؤسنگ کمپلیکس کو شمسی توانائی سے چلنے والے بنیادی ڈھانچے سے آراستہ کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان پائیدار ترقی کے اپنے وژن کو مسلسل آگے بڑھا رہا ہے، جو کہ شمسی توانائی میں اس کی کامیابیوں اور نئے ریکارڈوں سے ظاہر ہوتا ہے