پچھلی حکومتیں معصوم بچوں کی اموات چھپانے کے لیے ’انسیفلائٹس‘ کو نامعلوم بیماری بتاتی تھیں: یوگی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 31-08-2026
پچھلی حکومتیں معصوم بچوں کی اموات چھپانے کے لیے ’انسیفلائٹس‘ کو نامعلوم بیماری بتاتی تھیں: یوگی
پچھلی حکومتیں معصوم بچوں کی اموات چھپانے کے لیے ’انسیفلائٹس‘ کو نامعلوم بیماری بتاتی تھیں: یوگی

 



بہرائچ (اتر پردیش):اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو ریاست کی سابقہ حکومتوں کو نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ معصوم بچوں کی اموات چھپانے کے لیے ’انسیفلائٹس‘ کو نامعلوم بیماری قرار دیتی تھیں۔ یوگی نے یہاں ایک پروگرام میں کہا، ’’ایک وقت تھا جب اس موسم میں اس علاقے میں انسیفلائٹس جیسی بیماریوں کا قہر برپا ہوجاتا تھا۔ مجھے یاد ہے کہ انسیفلائٹس کی وجہ سے معصوم بچے اپنی جان گنوا دیتے تھے۔ پچھلی حکومتیں ان معصوموں کی اموات چھپانے کے لیے اسے ’نامعلوم بیماری‘ قرار دیتی تھیں اور لوگوں کو گمراہ کرتی تھیں۔‘‘

وزیر اعلیٰ نیپال گنج روڈ-نانپارہ-بہرائچ ریلوے سیکشن کے افتتاح کے پروگرام میں شرکت کے لیے بہرائچ پہنچے تھے۔ انہوں نے کہا، ’’اتر پردیش میں جب ’ڈبل انجن‘ حکومت آئی تو ہم نے نظریں نہیں چرائیں، ہم نے کسی کو گمراہ نہیں کیا۔ ہم نے اعلان کیا کہ کوئی بھی بیماری نامعلوم نہیں رہ سکتی۔ ہم نے کہا کہ ہم بیماری کا پتہ لگائیں گے اور اسے مکمل طور پر ختم کریں گے۔‘‘ یوگی نے کہا کہ لوگوں نے دیکھا ہے کہ اتر پردیش میں مافیا کے خاتمے کے ساتھ ساتھ انسیفلائٹس جیسی بیماری بھی ہمیشہ کے لیے ختم ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اب کسی والد کو یہ فکر نہیں ہوتی کہ انسیفلائٹس یا دماغی بخار اس کے بچے کی جان لے لے گا۔ اب یہ موسم کسی کے لیے تشویش کا باعث نہیں بنتا۔‘‘

یوگی نے کہا کہ نئے ہندوستان میں ریپڈ ریل، امرت بھارت، نمو بھارت اور وندے بھارت جیسی نئی ریل خدمات ایک نئے، خود کفیل اور ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو پورا کرنے کی سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’جب راستے بڑے ہوتے ہیں تو بازار بھی بڑے ہوجاتے ہیں۔ ہمارے لیے مواقع بھی بڑھتے ہیں، اور جب مواقع وسیع ہوتے ہیں تو ہمارے عزم کو حقیقت میں بدلنے میں دیر نہیں لگتی۔‘‘