نئی دہلی: جنوری میں ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزازات میں شامل پدم ایوارڈز کا اعلان کیا گیا تھا۔ صدرِ جمہوریہ نے سال 2026 کے لیے مجموعی طور پر 131 پدم اعزازات کی منظوری دی تھی، جن میں سے 66 شخصیات کو آج یہ اعزازات دیے جا رہے ہیں۔
اس سال کی فہرست کے مطابق مجموعی طور پر پانچ شخصیات کو پدم وبھوشن، 13 شخصیات کو پدم بھوشن اور 113 افراد کو پدم شری سے نوازا جائے گا۔ پدم وبھوشن 2026 کے تحت سب سے پہلے مرحوم اداکار دھرمیندر سنگھ دیول (بعد از وفات) کو یہ اعزاز دیا گیا، جو ان کی اہلیہ اور اداکارہ ہیمامالنی نے وصول کیا۔
بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور کو بھی پدم شری سے نوازا گیا۔ ان کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے اس سال ون ڈے ورلڈ کپ جیت کر تاریخی کامیابی حاصل کی۔ سولر گروپ کے چیئرمین ستیہ نارائن نووال کو دفاعی مینوفیکچرنگ کے شعبے میں نمایاں خدمات کے لیے پدم شری ایوارڈ دیا گیا۔
#WATCH | Silambam exponent K. Pajanivel of Puducherry conferred with the Padma Shri for his contribution in the field of traditional martial arts pic.twitter.com/Sviqc6BPZm
— ANI (@ANI) May 25, 2026
اسی طرح پدوچیری کے سلیبم کھلاڑی کے پجانیویل کو روایتی مارشل آرٹ کو فروغ دینے پر اعزاز سے نوازا گیا۔ تقریب کے دوران انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے قدم چھو کر آشیرواد لیا۔ اس کے علاوہ یو جی سی کے سابق چیئرمین ممیدالا جگدیش کمار کو تعلیم اور ادب کے شعبے میں اہم خدمات کے لیے پدم شری سے نوازا گیا۔ تقریب میں مختلف شعبوں کی نمایاں شخصیات کو ان کی شاندار خدمات پر قومی سطح پر اعزاز دیا گیا۔
دو جوڑوں کو بھی پدم اعزاز دیا گیا، جنہیں ایک ہی ایوارڈ شمار کیا جائے گا۔ انیس خواتین کو بھی صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو اعزاز دیا۔ چھ غیر ملکی/این آر آئی یا او سی آئی کارڈ ہولڈرز کو بھی پدم اعزازات دیے گئے۔ سولہ شخصیات کو بعد از وفات اعزاز دیا گیا۔
آرٹ ، سماجی خدمت، عوامی شعبے اور دیگر شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے والی شخصیات کو ہر سال پدم ایوارڈز سے نوازا جاتا ہے۔ پدم وبھوشن غیر معمولی خدمات، پدم بھوشن اعلیٰ درجے کی ممتاز خدمات، جبکہ پدم شری کسی بھی شعبے میں نمایاں خدمات کے لیے دیا جاتا ہے۔ ان ایوارڈز کا اعلان ہر سال یومِ جمہوریہ پر کیا جاتا ہے۔