نئی دہلی: صدر دروپدی مرمو نے جمعہ کے روز مہاراشٹر کے ضلع تھانے کے بھیونڈی علاقے میں عمارت گرنے سے ہونے والی اموات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ مہاراشٹر کے بھیونڈی میں چار منزلہ عمارت منہدم ہونے سے کم از کم نو افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ دو سے تین افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
میونسپل حکام نے اس عمارت کو پہلے ہی "خطرناک" قرار دے دیا تھا اور اس میں مرمت کا کام جاری تھا۔ صدر مرمو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا، "مہاراشٹر کے بھیونڈی میں عمارت گرنے کے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ میں سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہوں اور اس حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتی ہوں۔"