صدر دروپدی مرمو کاخطاب:آپریشن سندور ہندوستان کے عزم وحوصلے کی مثال

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 14-08-2025
صدر دروپدی مرمو کاخطاب:آپریشن سندور ہندوستان کے عزم وحوصلے کی مثال
صدر دروپدی مرمو کاخطاب:آپریشن سندور ہندوستان کے عزم وحوصلے کی مثال

 



نئی دہلی: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے آپریشن سندورکے لیے ملک اور مسلح افواج کے فولادی عزم کی ستائش کی اور کہا کہ یہ آپریشن دہشت گردی کے خلاف انسانیت کی لڑائی میں ایک مثال کے طور پر تاریخ میں درج ہوگا۔ انہوں نے آزادی کے دن کی شام قوم کے نام اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ اس فوجی آپریشن کی کامیابیاں آزاد ہندوستان کی دفاعی تاریخ میں ایک نئے باب کی ابتداء ہیں اور عالمی برادری نے ہندوستان کی اس پالیسی کو تسلیم کیا ہے کہ ہندوستان جارحیت نہیں کرے گا، لیکن اپنے شہریوں کے دفاع کے لیے جوابی کارروائی کرنے میں ایک لمحہ کی بھی ہچکچاہٹ نہیں کرے گا۔

مرمو نے کہا، اس سال ہمیں دہشت گردی کا سامنا کرنا پڑا۔ کشمیر میں سیاحت کے لیے گئے بے گناہ شہریوں کا قتل بزدلی اور نہایت بے رحمی تھا۔ ہندوستان نے اس کا جواب فولادی عزم کے ساتھ فیصلہ کن انداز میں دیا۔ آپریشن سندور نے یہ ثابت کر دیا کہ جب قوم کی سلامتی کا سوال ہوتا ہے تو ہماری مسلح افواج کسی بھی حالت کا سامنا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ حکمت عملی کی وضاحت اور تکنیکی مہارت کے ساتھ ہماری فوج نے سرحد پار دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔

انہوں نے کہا، ’’میرا یقین ہے کہ آپریشن سندور، دہشت گردی کے خلاف انسانیت کی لڑائی میں ایک مثال کے طور پر تاریخ میں درج ہوگا۔‘‘ صدر نے اس بات پر زور دیا، ’’ہماری یکجہتی ہی ہماری جوابی کارروائی کی سب سے بڑی خصوصیت تھی۔ یہی یکجہتی اُن تمام عناصر کے لیے سب سے بھرپور جواب ہے جو ہمیں تقسیم دیکھنا چاہتے ہیں۔

ان کے مطابق، ہندوستان کے نقطہ نظر کو واضح کرنے کے لیے مختلف ممالک میں گئے پارلیمانی ارکان کے کثیرالملکی وفود میں بھی ہماری یہی یکجہتی نظر آئی۔ مرمو نے کہا کہ عالمی برادری نے ہندوستان کی اس پالیسی کو تسلیم کیا ہے کہ ہم جارحیت نہیں کریں گے، لیکن اپنے شہریوں کا دفاع کرنے کے لیے جوابی کارروائی کرنے میں ایک لمحہ کی بھی ہچکچاہٹ نہیں کریں گے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا، آپریشن سندور، دفاع کے شعبے میں آتم نربھر ہندوستان مشن کی آزمائش کا بھی موقع تھا۔ اب یہ ثابت ہو چکا ہے کہ ہم صحیح راستے پر ہیں۔ ہماری مقامی پیداوار اس فیصلہ کن سطح تک پہنچ چکی ہے جہاں ہم اپنی بیشتر دفاعی ضروریات کو پورا کرنے میں خود کفیل ہو گئے ہیں۔ یہ کامیابیاں آزاد ہندوستان کی دفاعی تاریخ میں ایک نئے باب کی ابتداء ہیں۔

آپریشن سندور کے تحت ہندوستان نے 22 اپریل کو پلواما دہشت گردانہ حملے کے جواب میں 7 سے 10 مئی کے دوران پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں دہشت گردوں اور فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔ پلواما حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں بیشتر سیاح تھے۔ صدر مرمو نے اپنے خطاب میں ملک کی تقسیم کی آفات کا ذکر کیا۔

انہوں نے کہا، ہمیں ملک کی تقسیم سے ہونے والی تکلیف کو کبھی نہیں بھولنا چاہیے۔ آج ہم نے تقسیم کی آفات کی یادگاری دن منایا۔ تقسیم کے سبب خوفناک تشدد ہوا اور لاکھوں لوگ بے گھر ہونے پر مجبور ہوئے۔ آج ہم تاریخ کی غلطیوں کا شکار ہوئے لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔