صدر جمہوریہ نے قومی ایوارڈ تقسیم کیا،شاہ رخ خان،موہن لال، کرن جوہر کوایوارڈ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 23-09-2025
صدر جمہوریہ نے قومی ایوارڈ تقسیم کیا،شاہ رخ خان،موہن لال، کرن جوہر کوایوارڈ
صدر جمہوریہ نے قومی ایوارڈ تقسیم کیا،شاہ رخ خان،موہن لال، کرن جوہر کوایوارڈ

 



نئی دہلی:صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے قومی فلم ایوراڈ تقسیم کیا۔ شاہ رخ خان، کرن جوہر، وکرانت میسی کو انعام کا حقدار قرار دیا گیا تھا۔ لیجنڈری اداکار، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر موہن لال کو 71ویں نیشنل فلم ایوارڈز میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ 2023 سے نوازا گیا، سنیما میں ان کی شاندار خدمات پر انہیں اس موقع پر اسٹینڈنگ اوویشن دیا گیا۔

آج منگل کے روز سال 2023 میں ریلیز ہونے والی فلموں کے فاتحین کو نیشنل فلم ایوارڈز سے نوازا جا رہا ہے۔ فاتحین کے ناموں کا اعلان اس سال یکم اگست کو کیا گیا تھا۔ کرن جوہر کی ہدایت کاری میں بنی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کو بہترین پاپولر انٹرٹینمنٹ فلم کے طور پر نیشنل ایوارڈ دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ اس فلم نے اپنے گانے ’ڈھول ڈھول ڈھمکا ڈھم‘ (’ڈھندھورا باجے‘) کے لیے بہترین کوریوگرافی ایوارڈ بھی جیتا ہے۔ نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق کرن جوہر نے اس پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ ایک جذباتی لمحہ ہے۔‘‘ بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کو آج نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ایکشن تھرلر فلم ’جوان‘ کے لیے شاہ رخ کو بہترین اداکار کا ایوارڈ ملا۔ 71واں نیشنل فلم ایوارڈ–2023 میں بہترین اداکار کے ایوارڈ کے لیے شاہ رخ خان کے ساتھ ساتھ وکرانت میسی کو بھی چُنا گیا۔ وکرانت میسی کو یہ اعزاز ان کی فلم ’12ویں فیل‘ کے لیے دیا گیا۔ یہ تقریب 23 ستمبر کو دہلی میں منعقد ہوئی، جس میں تمام ایوارڈ یافتہ ستاروں نے شرکت کی۔ اس دوران سامنے آئی تصویروں میں شاہ رخ خان بلیک سوٹ میں دکھائی دیے۔

ان کی سیٹ اداکارہ رانی مکھرجی کے بالکل قریب تھی۔ دونوں کے چہروں پر نیشنل ایوارڈ کی خوشی نمایاں تھی۔ یہ پہلا موقع ہے جب شاہ رخ خان کو نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ ان کی فلم ’جوان‘ نے دنیا بھر میں تقریباً 1140 کروڑ روپے کمائے تھے، جو ان کے فلمی کیریئر کی سب سے بڑی کامیابی مانی جاتی ہے۔ نیشنل ایوارڈ کی اناؤنسمنٹ 1 اگست 2025 کو ہوئی تھی۔ اعلان کے بعد شاہ رخ خان نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے سب کا شکریہ ادا کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا: "اس اعزاز کے لیے میں حکومتِ ہند کا شکر گزار ہوں۔ مجھ پر برسنے والے پیار سے میں بہت متاثر ہوں۔ یہ ایوارڈ میرے لیے ایک یاد دہانی ہے کہ اداکاری صرف کام نہیں بلکہ ایک ذمہ داری ہے—پردے پر سچ دکھانے کی ذمہ داری۔ سب کے پیار کے لیے میں تہہ دل سے ممنون ہوں۔" ’بالی وڈ کے بادشاہ‘ کہلائے جانے والے شاہ رخ خان کو فلمی دنیا میں تقریباً 35 برس ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کیریئر کا آغاز تھیٹر سے کیا اور 1989 میں ٹی وی سیریل ’فوجی‘ کے ذریعے پہچان بنائی۔ شاہ رخ نے 1992 میں فلم ’دیوانہ‘ سے بالی وڈ میں ڈیبیو کیا، جو سپرہٹ ثابت ہوئی۔ اس میں ان کے ساتھ دیویہ بھارتی اور رشی کپور تھے۔ اس کے بعد ’بازگر‘ اور ’ڈر‘ جیسی فلموں میں منفی کردار کر کے ناظرین کا دل جیتا۔ فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کے بعد انہیں ’کنگ آف رومانس‘ کہا جانے لگا۔

شاہ رخ خان کی مشہور فلموں میں ’کرن ارجن‘، ’دل تو پاگل ہے‘ اور ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ شامل ہیں۔ 2000 کی دہائی میں انہوں نے ’محبتیں‘، ’کبھی خوشی کبھی غم (K3G)‘، ’دیو داس‘، ’کل ہو نہ ہو‘، ’ویر-زارا‘، ’کبھی الوداع نہ کہنا‘، ’چک دے انڈیا‘، ’اوم شانتی اوم‘ اور ’رب نے بنا دی جوڑی‘ جیسی کامیاب فلمیں دیں۔ بعد ازاں، ’مائی نیم از خان‘، ’چنئی ایکسپریس‘، ’ہپی نیو ایئر‘ اور ’رئیس‘ ہٹ رہیں، جبکہ ’جب ہیری میٹ سجل‘ اور ’زیرو‘ باکس آفس پر ناکام ہوئیں۔

کووڈ کے بعد شاہ رخ خان نے بڑے پردے پر شاندار واپسی کی۔ یش راج فلمز کی ’پٹھان‘ نے ریکارڈ توڑ بزنس کیا، اس کے بعد انہوں نے ساوتھ انڈین ڈائریکٹر ایٹلی کے ساتھ فلم ’جوان‘ کی، جو ان کے کیریئر کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ثابت ہوئی۔ اسی فلم کے لیے شاہ رخ خان کو ان کے فلمی سفر کا پہلا نیشنل ایوارڈ ملا ہے۔