نئی دہلی: اتر پردیش کے متھرا ضلع کے برج علاقے میں شری کرشن جنم اشٹمی کے بعد اب رادھا رانی کے جنم دن رادھاشٹمی کی تیاریوں میں تیزی آ گئی ہے۔ حکام نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔ حکام کے مطابق 19 ستمبر کو منائے جانے والے اس تہوار کا مرکزی مرکز برسانہ، رادھا رانی کی جائے پیدائش راول گاؤں اور ورنداون میں واقع ٹھاکر بانکے بہاری مندر ہوں گے، جہاں مختلف مذہبی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
حکام نے بتایا کہ لاکھوں عقیدت مندوں کی ممکنہ بھیڑ کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے سکیورٹی، ٹریفک اور بھیڑ کو قابو میں رکھنے کے لیے وسیع پیمانے پر انتظامات شروع کر دیے ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم) چندر پرکاش سنگھ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) شلوک کمار افسران کے ساتھ انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ برسانہ کے میلہ علاقے کو سات زون اور 20 سیکٹروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق عقیدت مندوں کی بھیڑ کو منظم رکھنے کے لیے 38 ’ہولڈنگ ایریا‘ بنائے جا رہے ہیں۔ آنے والے راستوں پر 88 مقامات پر بیریئر لگائے جائیں گے، جبکہ 50 مقامات پر پارکنگ کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ چھ ’واچ ٹاور‘ اور 155 سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی، جبکہ 27 مقامات پر 63 عارضی کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے۔
ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ سڑکوں کو گڑھوں سے پاک کرنے اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میلہ علاقے میں 12 طبی کیمپ قائم کیے جائیں گے اور میڈیکل ٹیموں کے ساتھ موٹر سائیکل ایمبولینس بھی تعینات رہیں گی۔