ڈیجیٹل مردم شماری کی تیاری، وزارت داخلہ نے 14,619 کروڑ روپے کا بجٹ مانگا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 01-09-2025
ڈیجیٹل مردم شماری کی تیاری، وزارت داخلہ نے 14,619 کروڑ روپے کا بجٹ مانگا
ڈیجیٹل مردم شماری کی تیاری، وزارت داخلہ نے 14,619 کروڑ روپے کا بجٹ مانگا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستان میں مردم شماری دو مراحل میں کی جائے گی۔ اب رجسٹرار جنرل آف انڈیا نے مردم شماری کے لیے 14,618.95 کروڑ روپے کا بجٹ مانگا ہے۔ ذات پات کی گنتی اور مردم شماری پہلی بار ڈیجیٹل طریقے سے ہوگی۔ آر جی آئی مرکزی وزارتِ داخلہ کے تحت آتا ہے۔ بجٹ مانگنے کی یہ اطلاع انڈین ایکسپریس کو ملی ہے۔
اس ماہ کے آغاز میں آر جی آئی نے ای ایف سی کی منظوری کے لیے ایک نوٹ جاری کیا تھا۔ ای ایف سی وزارتِ مالیات کے ماتحت ہے۔ ای ایف سی سے منظوری ملنے کے بعد وزارتِ داخلہ مرکزی کابینہ کی منظوری کے لیے ایک تجویز پیش کرے گی۔ یہ بجٹ مردم شماری کے دونوں مراحل کے لیے مانگا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں گھروں کی فہرست تیار کرنا اور مکانات کی مردم شماری شامل ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں آبادی کی گنتی کی جائے گی۔
مردم شماری ہوگی ڈیجیٹل طریقے سے
مردم شماری پہلی بار ڈیجیٹل طریقے سے ہوگی۔ موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے اعداد و شمار جمع کیے جائیں گے۔ ذرائع نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ عوام کو اپنی خود کی گنتی کرنے کا آپشن بھی دیا جائے گا اور ذات پات کے اعداد و شمار بھی الیکٹرانک طریقے سے اکٹھے کیے جائیں گے۔ 30 اپریل کو سی سی پی اے نے مردم شماری میں ذات پات کی گنتی شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ آر جی آئی پوری عمل کی مانیٹرنگ، ویب سائٹ اور سی ایم ایم ایس تیار کرنے پر بھی کام کر رہا ہے۔
کتنے نگران تعینات کیے جائیں گے
مردم شماری کے لیے 35 لاکھ سے زیادہ نگران اور شمار کنندگان تعینات کیے جائیں گے۔ یہ 2011 کی مردم شماری میں تعینات کیے گئے ملازمین سے 30 فیصد زیادہ ہیں۔ مرکزی حکومت نے 16 جون کو 2027 کی مردم شماری کے لیے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ یہ پہلا موقع ہے جب مردم شماری کرانے میں چھ سال کی تاخیر ہوئی ہے۔
سال 2021 میں نہ ہوسکی مردم شماری
دسمبر 2019 میں، مرکزی کابینہ نے 2021 میں 8,754.23 کروڑ روپے کی لاگت سے مردم شماری کرانے کی تجویز کو منظوری دی تھی۔ 2021 کی مردم شماری بھی دو مراحل میں کرانے کی منصوبہ بندی تھی، لیکن کورونا وبا کی وجہ سے یہ نہیں ہوسکی۔ سال 1872 سے مردم شماری مسلسل ہوتی رہی ہے۔ 2027 کی مردم شماری مجموعی طور پر 16ویں مردم شماری ہوگی اور آزادی کے بعد آٹھویں مردم شماری ہوگی۔
مردم شماری کے عمل کے دوران گاؤں، قصبوں اور وارڈ سطح پر آبادی کے اعداد و شمار جمع کیے جاتے ہیں۔ اس میں رہائش کی حالت، سہولیات، مذہب، زبان، شرحِ خواندگی، ہجرت اور تعلیم سے متعلق اعداد و شمار اکٹھے کیے جاتے ہیں۔ 2011 کی مردم شماری کے مطابق، یکم مارچ 2011 تک ملک کی آبادی 1.21 ارب تھی۔ اس سال اس کے بڑھ کر 1.41 ارب ہونے کا اندازہ ہے۔ 2027 میں 143.6 کروڑ کی متوقع آبادی کے ساتھ مردم شماری کی لاگت تقریباً 101.8 روپے فی شخص ہوگی۔