دہرہ دون : اتراکھنڈ کے بلند ہمالیائی علاقے برف سے ڈھکے ہوئے ہیں۔ اس سال اکتوبر سے یہاں برف باری شروع ہو گئی تھی۔ چمولی ضلع کے بدری ناتھ دھام سمیت کیدارناتھ میں اس سال اکتوبر کے آغاز میں برف باری ہوئی ہے۔ یہی نہیں پتھورا گڑھ ضلع کی معمولی وادیوں میں بھی برف پڑی ہے۔ عام طور پر ان علاقوں میں برف باری نومبر کے وسط سے شروع ہوتی ہے۔ اس کی وجہ سے ریاست میں شدید سردی پڑ رہی ہے۔ نومبر میں ایسا سرد موسم ریاست کے کئی حصوں میں کئی دہائیوں میں نہیں دیکھا گیا ہے۔ 1985 میں نومبر میں کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔
فی الحال کماؤن کے لوہاگھاٹ میں درجہ حرارت 3.5، چمپاوت میں 3.9 اور مسوری میں پانچ ڈگری سیلسیس تک گر گیا ہے۔ آئندہ چند دنوں میں درجہ حرارت میں تین ڈگری کی کمی ہوئی تو 36 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا۔ آریہ بھٹ انسٹی ٹیوٹ آف آبزرویشنل سائنس اینڈ ریسرچ (اے آر آئی ای ایس) کے ماہرین موسمیات کے مطابق عام طور پر سال میں 90 سے 100 دن سردیوں کے ہوتے ہیں جو کہ کم برف باری اور گلوبل وارمنگ کی وجہ سے مسلسل کم ہو رہے ہیں
اس بار سردیوں کے دنوں میں 20 سے 30 دن کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے نومبر کے آخری دنوں میں ریاست میں برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ جس کی وجہ سے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ڈھائی ہزار میٹر سے اوپر کے مقامات پر برفباری ہو سکتی ہے جب کہ زیریں علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دسمبر کے آغاز میں سیاحتی مقامات پر اچھی برف باری کی توقع ہے۔