نئی دہلی: شری جگن ناتھ مندر انتظامیہ نے ہفتہ کے روز کہا کہ پوری کے ضلع مجسٹریٹ کے مکتوب کے بعد راجستھان کے سیکر ضلع انتظامیہ نے 10 جولائی کو مجوزہ ’’غیر مقررہ وقت‘‘ کی رتھ یاترا پر پابندی عائد کر دی ہے۔ پوری میں واقع شری جگن ناتھ مندر انتظامیہ (ایس جے ٹی اے) کے چیف ایڈمنسٹریٹر اروِند پاڈھی نے بتایا کہ پوری کے ضلع مجسٹریٹ اور ایس جے ٹی اے کے ڈپٹی چیف ایڈمنسٹریٹر دیویہ جیوتی پریدا کے خطوط کی بنیاد پر سیکر کے ضلع مجسٹریٹ آشیش مودی نے مجوزہ رتھ یاترا روکنے کی ہدایت جاری کی۔
یہ رتھ یاترا جمعہ کے روز وشو سناتن دھرم سیوا سنستھان اور شری کھاٹو شیام منڈل کی جانب سے منعقد کی جانی تھی۔ تاہم اس کا انعقاد مذہبی صحیفوں میں مقررہ تاریخ سے پانچ دن پہلے تجویز کیا گیا تھا، جبکہ اس سال رتھ یاترا کا تہوار 16 جولائی کو منایا جائے گا۔
ایس جے ٹی اے کے مطابق، سیکر انتظامیہ نے منتظمین کو مطلع کیا کہ مجوزہ رتھ یاترا ہندو پنچانگ اور اس مقدس تہوار سے وابستہ روایات کے مطابق نہیں ہے، اس لیے ان سے درخواست کی گئی کہ مقررہ تاریخ سے قبل رتھ یاترا کا انعقاد نہ کریں۔ ایک سرکاری افسر نے بتایا کہ اس سلسلے میں خط موصول ہونے کے بعد سیکر کے ضلع مجسٹریٹ نے پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) کو ضروری کارروائی کی ہدایت دی۔
مقامی تحصیلدار نے بھی منتظمین سے اپیل کی کہ وہ روایتی ہندو پنچانگ کے مطابق نہ ہونے والی تاریخ پر رتھ یاترا کا انعقاد نہ کریں۔ پوری مندر انتظامیہ، بین الاقوامی کرشن بھاؤنامرت سنگھ (اسکون) سمیت بعض دیگر تنظیمیں بھی طے شدہ تاریخ کے علاوہ بھگوان جگن ناتھ کی رتھ یاترا کے انعقاد کی مخالفت کر رہی ہیں۔