پریاگ راج تشدد:ویلفیئرپارٹی لیڈر جاویدپمپ پر این ایس اے لگا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 17-07-2022
پریاگ راج تشدد:ویلفیئرپارٹی لیڈر جاویدپمپ پر این ایس اے لگا
پریاگ راج تشدد:ویلفیئرپارٹی لیڈر جاویدپمپ پر این ایس اے لگا

 

 

لکھنو: نوپور شرما کے بیان کے خلاف 10 جون کو پریاگ راج میں ہوئے تشدد کے سلسلے میں یوپی پولیس نے جاوید محمد عرف جاوید پمپ کے خلاف قومی سلامتی ایکٹ (این ایس اے) لگایا ہے۔ یوپی پولیس کے مطابق جاوید محمد پریاگ راج تشدد کا ماسٹر مائنڈ ہے۔

جاوید پمپ فی الحال یوپی کی دیوریا ڈسٹرکٹ جیل میں بند ہے۔ بتادیں کہ پولیس کی رپورٹ پر پریاگ راج کے ڈی ایم سنجے کھتری نے این ایس اے کے تحت نظر بندی کا حکم جاری کیا ہے۔ این ایس اے کا حکم جاری ہونے کے بعد جاوید محمد جیل میں رہ رہے ہیں۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (پریاگراج) شیلیش کمار پانڈے نے بھی جاوید محمد کے خلاف این ایس اے لگانے کی تصدیق کی ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ حکام نے دعویٰ کیا کہ جاوید نے نوپور شرما کے بیان کے بعد ’بند‘ کی کال دی تھی۔ اس بارے میں انہوں نے واٹس ایپ میسج کے ذریعے لوگوں کو موقع پر پہنچنے کو کہا تھا۔ اسی وقت، جاوید 'پمپ' کی گرفتاری کے ایک دن بعد، پریاگ راج ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے جاوید کی رہائش گاہ کی 'غیر قانونی تعمیر' کی شکایت ملنے پر ان کے گھر پر بلڈوزنگ کی کاروائی کی۔

کاروائی کے حوالے سے پی ڈی اے کا کہنا ہے کہ پوچھ گچھ کے دوران پتہ چلا کہ مکان کی تعمیر میں کئی اصولوں کی خلاف ورزی کی گئی۔ بتا دیں کہ جاوید کی ضمانت کی درخواست فی الحال پریاگ راج کی سیشن کورٹ میں زیر التوا ہے۔ بتاتے چلیں کہ جاوید پمپ اور ان کی بیٹی آفرین فاطمہ پریاگ راج کی سول سوسائٹی کے سرکردہ ممبران کے ساتھ ساتھ ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے ممبر بھی ہیں۔

اس سال 10 جون کو پریاگ راج میں نماز جمعہ کے بعد اٹالہ میں تشدد ہوا تھا۔ الزام کے مطابق تشدد سے قبل جاوید عرف جاوید پمپ نے سوشل میڈیا پر پیغامات کے ذریعے مزید تشدد بھڑکانے کا کام کیا۔ الزام ہے کہ اس کی وجہ سے ایک خاص کمیونٹی کو غلط پیغام گیا اور تشدد بڑھ گیا۔ ایسے میں پولیس نے تفتیش میں جاوید پمپ کو مرکزی ملزم کے طور پر گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتاری کے بعد سیکیورٹی اور دیگر وجوہات کی بنا پر جاوید محمد کو نینی جیل سے دیوریا جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔