بنگلور: جنتا دل (سیکولر) کے سابق رکن پارلیمان پرجول ریوانّا نے ریپ کے ایک مقدمے میں اپنی سزا کے خلاف کرناٹک ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔ گزشتہ ماہ ریوانّا کو قصوروار قرار دینے والی ایک خصوصی عدالت نے ان کے خلاف درج جنسی استحصال اور ریپ کے چار مقدمات میں سے ایک میں انہیں بقیہ زندگی کی قیدِ با مشقت کی سزا سنائی تھی اور جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔
اراکین پارلیمان/اسمبلی کے مقدمات کی خصوصی عدالت کے جج سنتوش گجانن بھٹ نے دو اگست کو بھارتیہ دَند سنہِتا (آئی پی سی) کی مختلف دفعات کے تحت قصوروار قرار دیے گئے ریوانّا کو سزا سنائی تھی۔ ان پر کل 11.50 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ اس میں سے 11.25 لاکھ روپے متاثرہ خاتون کو دیے جائیں گے۔
جرمنی سے واپسی کے بعد گزشتہ سال مئی میں گرفتار کیے گئے ریوانّا کئی بنیادوں پر فیصلے کو چیلنج کر رہے ہیں، جن میں متاثرہ کی گواہی میں تضاد اور استغاثہ کی طرف سے پیش کیے گئے ثبوتوں میں اختلافات شامل ہیں۔ جس مقدمے میں پرجول کو سزا سنائی گئی ہے، وہ 48 سالہ خاتون سے متعلق ہے جو سابق رکن پارلیمان کے خاندان کے ہاسن ضلع کے ہولینرسی پورا واقع گنّنیکاڈا فارم ہاؤس میں مددگار کے طور پر کام کرتی تھی۔ 2021 میں ہاسن فارم ہاؤس اور بنگلور رہائش گاہ پر اس کے ساتھ مبینہ طور پر دو بار ریپ کیا گیا اور اس حرکت کو ملزم نے اپنے موبائل فون میں ریکارڈ بھی کر لیا تھا۔
ذیلی عدالت نے اسے قصوروار ٹھہرانے کے لیے ویڈیو فوٹیج، بالوں کے ڈی این اے اور متاثرہ کے کپڑوں پر پائے گئے حیاتیاتی نشانات سمیت کئی ثبوتوں پر انحصار کیا تھا۔ اپنی عرضداشت میں ریوانّا نے دلیل دی ہے کہ شکایت کنندہ کا بیان اس کی پولیس شکایت سے میل نہیں کھاتا۔ انہوں نے بعض شواہد کی ساکھ پر بھی سوال اٹھائے ہیں۔
ان کی درخواست میں شکایت درج کرنے میں تاخیر اور اس حقیقت کا بھی حوالہ دیا گیا ہے کہ متاثرہ نے بعد میں 2023 میں اسی فارم ہاؤس میں ایک "گھر میں داخلے" کی تقریب میں شرکت کی تھی۔ ریپ اور جنسی استحصال کے الزامات کا سامنا کر رہے ریوانّا کے خلاف چار الگ الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں اور ایس آئی ٹی کو ان کی تحقیقات کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ یہ مقدمات اُس وقت سامنے آئے جب 26 اپریل 2024 کو ہونے والے لوک سبھا انتخابات سے قبل ہاسن میں مبینہ طور پر ریوانّا سے متعلق فحش ویڈیوز پر مشتمل پین ڈرائیوز جاری کیے گئے۔