صدر جمہوریہ اور گورنر کے اختیارات: سپریم کورٹ طے کرے گا دائرہ کار؟

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 19-08-2025
صدر جمہوریہ اور گورنر کے اختیارات: سپریم کورٹ طے کرے گا دائرہ کار؟
صدر جمہوریہ اور گورنر کے اختیارات: سپریم کورٹ طے کرے گا دائرہ کار؟

 



نئی دہلی: صدرِ جمہوریہ اور گورنروں کے ذریعے ریاستوں سے موصول ہونے والے بلوں پر فیصلہ کرنے کی مدت سے متعلق معاملے پر سپریم کورٹ کی پانچ ججوں پر مشتمل آئینی بینچ میں سماعت جاری ہے۔ عدالت غور کر رہی ہے کہ صدر کا بھیجا گیا ریفرنس قابلِ سماعت ہے یا نہیں؟ یہ سماعت کیرالہ اور تمل ناڈو حکومت کی طرف سے اعتراضات پر ہو رہی ہے۔

درحقیقت، صدرِ جمہوریہ نے سپریم کورٹ کو 14 سوالات پر مشورہ دینے کے لیےپریسیڈنشل ریفرنس بھیجا تھا۔ ان سوالات پر غور کے لیے سپریم کورٹ نے پانچ ججوں پر مشتمل آئینی بینچ تشکیل دی تھی۔ گزشتہ ہفتہ، مرکزی حکومت نے عدالت میں جواب داخل کرتے ہوئے صدر اور گورنر کے لیے وقت کی حد مقرر کرنے کی مخالفت کی۔

حکومت کا کہنا ہے کہ آئین میں ہر ادارے کے لیے اختیارات کی تقسیم (Separation of Powers) کی وضاحت ہے، اور آئین کے مطابق کوئی ادارہ سب سے بالا تر (Supreme) نہیں ہے۔ عدلیہ، کسی دوسرے ادارے کے دائرۂ اختیار پر اپنا دعویٰ نہیں کر سکتی۔ چیف جسٹس بی آر گوئی نے کیرالہ حکومت سے پوچھا: صدرِ جمہوریہ کا عدالت سے مشورہ لینا کیا غلط بات ہے؟ کیا آپ واقعی اس کی مخالفت کر رہے ہیں؟

سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے الزام لگایا کہ اس فیصلے کے خلاف نہ کوئی اپیل کی گئی ہے اور نہ ہی کوئی نظرثانی کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ اس مقدمے کے ذریعے عدالت سے کہا جا رہا ہے کہ وہ ایک سابقہ فیصلہ کے مواد کو بدلے، جو کہ دراصل ایک پوشیدہ اپیل کی صورت ہے۔

چیف جسٹس نے وضاحت کی کہ ہم تمل ناڈو کے مقدمے میں دیے گئے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت نہیں کر رہے، بلکہ یہ بینچ صرف پریسیڈنشل ریفرنس پر سماعت کر رہی ہے۔ سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ یہ ایک اہم آئینی سوال ہے۔ صدرِ جمہوریہ یہ واضح کرنا چاہتی ہیں کہ آئینی بحران کی صورت میں کیا اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ ریاستی گورنر یا صدر کو کیا کرنا چاہیے؟

صدر کے اس سوال پر کہ کیا اسمبلی سے منظور شدہ بلوں پر غور کے لیے وقت کی حد مقرر کی جا سکتی ہے؟ چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ نے واضح کیا کہ عدالت، اٹارنی جنرل آر وینکٹ رمنی کی مدد لے گی۔ اس بینچ میں چیف جسٹس بی آر گوئی کے علاوہ جسٹس سوریہ کانت، جسٹس وکرم ناتھ، جسٹس پی ایس نرسمہا، اور جسٹس اے ایس چندورکر شامل ہیں۔ بینچ نے کہا کہ وہ اس بات کا جائزہ لے گی کہ کیا گورنر اور صدرِ جمہوریہ کے اختیار میں دیے گئے اختیاراتِ صوابدیدی کو کسی عدالتی وقت کی حد کے تحت لایا جا سکتا ہے یا نہیں۔

اس سے قبل، 8 اپریل کو جسٹس جے بی پاردی والا اور جسٹس آر مہادیون کی بینچ نے تمل ناڈو کے گورنر کے خلاف دائر ریاستی حکومت کے مقدمے میں کہا تھا کہ گورنر کو کسی بل پر اپنی منظوری روکنے یا اسے صدر کے پاس محفوظ رکھنے کے لیے 3 ماہ کے اندر کارروائی کرنی چاہیے، اور دوبارہ منظور کیے گئے بل پر 1 ماہ کے اندر فیصلہ کرنا چاہیے۔

عدالت نے آئین کے آرٹیکل 142 کے تحت اپنی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے گورنر کی طویل خاموشی کو "غیر قانونی" قرار دیا تھا، اور ہدایت دی تھی کہ تمل ناڈو کے 10 زیر التواء بلوں کو منظور شدہ تصور کیا جائے۔ اس فیصلے کے بعد، صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے 13 مئی کو 14 اہم سوالات کے ساتھ سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔

صدرِ جمہوریہ نے سپریم کورٹ سے جن 14 سوالات پر رائے مانگی ہے وہ ہیں جب ریاستی گورنر کے سامنے آئین کے آرٹیکل 200 کے تحت کوئی بل پیش کیا جاتا ہے تو ان کے پاس کون سے آئینی اختیارات ہوتے ہیں؟ کیا گورنر، بل پر غور کرتے وقت، وزراء کی کونسل کی دی گئی رائے اور مشورے سے بندھے ہوتے ہیں؟ کیا گورنر کی صوابدیدی طاقت، جس کا ذکر آرٹیکل 200 میں ہے، جائز ہے؟

کیا آئین کا آرٹیکل 361، گورنر کے فیصلوں پر عدالتی جانچ (Judicial Review) سے مکمل طور پر روک دیتا ہے؟ اگر آئین میں وقت کی حد نہ دی گئی ہو، تو کیا عدالت گورنر کے اختیارات کے استعمال کے لیے عدالتی حکم کے ذریعے وقت کی حد مقرر کر سکتی ہے؟ کیا آرٹیکل 201 کے تحت صدرِ جمہوریہ کی صوابدیدی طاقت، عدالتی جانچ کے دائرے میں آتی ہے؟

اگر صدر کے اختیارات کے استعمال کے لیے آئینی وقت کی حد نہ ہو، تو کیا عدالتی حکم کے ذریعے وقت مقرر کی جا سکتی ہے؟ کیا صدر کو آرٹیکل 143 کے تحت سپریم کورٹ سے رائے لینے کی اجازت ہے جب گورنر بل کو محفوظ رکھتے ہیں؟ کیا گورنر اور صدر کے فیصلے، قانون بننے سے پہلے کے مرحلے میں، عدالت کے دائرے میں آتے ہیں؟ کیا صدر یا گورنر کے فیصلے کو سپریم کورٹ آرٹیکل 142 کے تحت بدل سکتا ہے؟

کیا ریاستی اسمبلی کا بل، گورنر کی منظوری کے بغیر قانون بن سکتا ہے؟ کیا آرٹیکل 145(3) کے تحت، سپریم کورٹ کی کسی بھی بینچ کو پانچ ججوں کی بینچ کے سامنے مقدمہ بھیجنا ضروری ہے جب آئینی تشریح درکار ہو؟ کیا آرٹیکل 142 کی طاقت صرف عملدرآمدی نوعیت تک محدود ہے یا یہ substantive قوانین سے بھی متجاوز ہو سکتی ہے؟

کیا مرکز اور ریاستوں کے درمیان تنازعات صرف آرٹیکل 131 کے تحت عدالت میں لائے جا سکتے ہیں یا کسی اور دائرہ اختیار میں بھی؟