نئی دہلی: مرکزی وزیر کھیل منسکھ مانڈویہ نے جمعرات کو راجیہ سبھا کو بتایا کہ اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (سائی) میں اسسٹنٹ کوچز کے 464 عہدے خالی ہیں۔ انہوں نے قائدِ حزب اختلاف اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے سوال کے تحریری جواب میں یہ معلومات فراہم کیں۔ اگرچہ سائی نے جنوری میں 350 سے زائد اسسٹنٹ کوچز کی بھرتی کے لیے ایک بڑا تقرری مہم شروع کی تھی، اس کے باوجود 464 عہدے اب بھی خالی ہیں۔
یہ تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 100 زیادہ ہے۔ وزیر نے بتایا کہ مجموعی طور پر 554 عہدوں پر تقرری ہونا باقی ہے، جن میں 90 چیف کوچز کے عہدے بھی شامل ہیں۔ منسکھ مانڈویہ نے کہا کہ کوچز کی اہلیت اور صلاحیت کا جائزہ طے شدہ بھرتی اور تقرری کے اصولوں کے مطابق لیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں کوچز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے لیے تربیتی اور مہارت میں اضافے کے پروگراموں پر 8.5 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ ایک دوسرے سوال کے جواب میں وزیر نے بتایا کہ اسکول، یونیورسٹی، ریاستی اور علاقائی سطح کے کھیلوں کے پروگراموں میں ڈوپنگ ٹیسٹ کے نمونے جمع کرنے کے سیشنز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2025 میں 20 نمونہ جمع کرنے کے سیشن منعقد کیے گئے تھے، جبکہ 2026 میں جولائی تک 55 سیشن منعقد کیے جا چکے ہیں۔ وزیر کے مطابق، ملک کے مختلف حصوں میں تربیت یافتہ نمونہ جمع کرنے والے اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے 2025 میں 11 اور 2026 میں جولائی تک 4 تربیتی پروگرام بھی منعقد کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت قومی انسدادِ ڈوپنگ قانون میں مجوزہ ترامیم کے ذریعے ممنوعہ ادویات اور مادّوں کی اسمگلنگ اور سپلائی میں ملوث افراد کے لیے قید اور جرمانے کی سزا کا بھی انتظام کر رہی ہے تاکہ ڈوپنگ کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔ راجیہ سبھا میں وزیر کھیل سے ہندوستانی فٹ بال کی موجودہ صورتحال سے متعلق بھی متعدد سوالات پوچھے گئے۔