نئی دہلی: امریکہ کی جانب سے ٹیریف (محصول) قوانین میں تبدیلی کے بعد ہندوستان کے محکمہ ڈاک نے امریکہ جانے والی پارسل سروس کو 29 اگست سے عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس فیصلے کے مطابق، 25 اگست 2025 سے امریکہ کے لیے زیادہ تر ڈاک اشیاء کی بکنگ بند کر دی جائے گی۔ 30 جولائی کو امریکہ نے ایک حکم نامہ جاری کیا جس کے تحت 800 امریکی ڈالر تک کے سامان پر دی جانے والی کسٹم فری چھوٹ ختم کر دی گئی۔ اب 29 اگست سے، ہر قسم کی ڈاک اشیاء (چاہے ان کی مالیت کچھ بھی ہو) پر بین الاقوامی ہنگامی اقتصادی اختیارات ایکٹ (IEEPA) کے تحت کسٹم محصول عائد ہوگا۔
البتہ، صرف 100 امریکی ڈالر تک کے تحائف ہی محصول سے مستثنیٰ ہوں گے۔ اس وقت صرف بین الاقوامی کیریئرز اور وہ فریق جو امریکی کسٹمز کے ذریعے منظور شدہ ہوں، وہی یہ محصول وصول اور ادا کر سکتے ہیں۔ چونکہ یہ عمل ابھی واضح نہیں ہے، ایئرلائنز نے اعلان کیا ہے کہ وہ 25 اگست کے بعد امریکہ جانے والے پارسل نہیں لے جا سکیں گی۔
ایسی صورت میں، ہندوستانی محکمہ ڈاک نے کہا ہے کہ وہ 25 اگست سے امریکہ کے لیے پارسل اور دیگر اشیاء کی بکنگ کو عارضی طور پر معطل کر رہا ہے۔ تاہم، خطوط، دستاویزات اور 100 ڈالر سے کم مالیت کے تحائف اس فیصلے سے مستثنیٰ ہوں گے۔ جن صارفین نے پہلے ہی پارسل بک کرا دیے ہیں، لیکن وہ امریکہ بھیجے نہیں جا سکتے، وہ ڈاک فیس کی واپسی کے لیے دعویٰ کر سکتے ہیں۔
وزارت مواصلات نے کہا ہے:محکمہ ڈاک اپنے صارفین کو درپیش تکلیف پر افسوس کا اظہار کرتا ہے اور یقین دلاتا ہے کہ امریکہ کے لیے مکمل خدمات کو جلد از جلد بحال کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزارت نے یہ بھی کہا کہ امریکی کسٹمز (CBP) اور USPS سے مزید وضاحت کے بعد، وہ اشیاء جنہیں استثنیٰ حاصل ہے، ان کی ترسیل جاری رکھی جائے گی۔ یہ تبدیلیاں امریکہ کے نئے محصولات قوانین کے سبب ہوئی ہیں، اور ہندوستان سمیت دنیا بھر کی ڈاک ایجنسیاں اس کے اثرات سے دوچار ہیں۔