نئی دہلی: کانگریس نے اتوار کو الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی جوڑی اس کی قیادت کے خلاف ظلم، دھمکی اور انتقامی سیاست جاری رکھے ہوئے ہے۔ پارٹی کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ’نیشنل ہیرالڈ‘ کا معاملہ مکمل طور پر جعلی ہے اور بالآخر انصاف کی جیت ہوگی۔
دراصل، دہلی پولیس نے نیشنل ہیرالڈ کیس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی شکایت پر کانگریس رہنماؤں سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور دیگر ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ یہ کارروائی ایجنسی کی منی لانڈرنگ تحقیقات کا حصہ ہے، جس میں الزام ہے کہ پارٹی کے اعلیٰ رہنماؤں نے ’’ذاتی فائدے‘‘ کے لیے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا۔
رمیش نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کیا، ’’مودی–شاہ کی جوڑی کانگریس کی اعلیٰ قیادت کے خلاف ظلم، دھمکی اور انتقام کی اپنی سیاست جاری رکھے ہوئے ہے۔ جو لوگ دھمکی دیتے ہیں وہ خود غیر محفوظ اور خوف زدہ ہوتے ہیں۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’نیشنل ہیرالڈ‘ کا معاملہ مکمل طور پر جعلی ہے۔
ان کا کہنا ہے، آخرکار انصاف کی جیت ہوگی۔ ستیہ میو جیتے۔ واضح ہوکہ دہلی پولیس کی اکنامک آفینس ونگ (EOW) نے نیشنل ہیرالڈ کیس میں نئی ایف آئی آر درج کی ہے۔ اس ایف آئی آر میں لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی اور کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کے علاوہ چھ مزید نام شامل ہیں۔
ای ڈی ہیڈکوارٹر کی جانب سے EOW میں شکایت درج کرائے جانے کے بعد یہ ایف آئی آر سامنے آئی ہے۔ اس ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ سازش کے تحت کانگریس سے وابستہ کمپنی ایسوسی ایٹڈ جرنلز لمیٹڈ (AJL) پر دھوکے سے قبضہ کیا گیا۔ ای ڈی نے اپنی تفتیشی رپورٹ دہلی پولیس کے ساتھ شیئر کی تھی، جس میں PMLA کی دفعہ 66(2) کے تحت شیڈولڈ آفنس درج کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ الزام ہے کہ ینگ انڈین کمپنی کے ذریعے AJL کی تقریباً 2,000 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد پر کنٹرول حاصل کیا گیا۔