کولکاتا: وزیرِ خارجہ ایس۔ جئے شنکر نے ہفتہ کے روز کہا کہ موجودہ زمانے میں سیاست تیزی کے ساتھ معیشت پر فوقیت حاصل کرتی جا رہی ہے۔ جئے شنکر آئی آئی ایم کولکاتا کے کیمپس میں ’پی ایچ ڈی‘ کی اعزازی ڈگری حاصل کرنے کے بعد اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا: یہ ایسا دور ہے جس میں سیاست معیشت پر حاوی ہوتی جا رہی ہے… اور یہ کوئی ہنسی کی بات نہیں ہے۔ جئے شنکر نے یہ بھی کہا کہ چین نے ’’طویل عرصے تک اپنے ہی اصولوں کے مطابق کام کیا ہے‘‘ اور وہ اب بھی اسی طرح کام کر رہا ہے۔ وزیرِ خارجہ نے کہا کہ اس صورتحال میں دیگر ممالک اس بات کو لے کر تذبذب کا شکار ہیں کہ انہیں نظر آنے والی مسابقت پر توجہ دینی چاہیے یا سودے بازی پر۔
جئے شنکر نے کہا: عالمی سطح پر عالمگیریت، تقسیم اور سپلائی کی کمی جیسے دباؤ اور تناؤ کا سامنا کرتے ہوئے باقی دنیا اچانک پیدا ہونے والی مشکلات سے نمٹنے کے لیے خود کو تیار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت فعال طور پر خود انحصاری کی طرف بڑھ رہا ہے اور خود کو صنعتوں کے لیے ایک مضبوط مینوفیکچرنگ مرکز بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت بنیادی ڈھانچے کے ساتھ ساتھ سائنس کے شعبے میں بھی تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔