نئی دہلی:دہلی ہائی کورٹ نے بدھ کے روز ایک عوامی مفاد کی عرضی (پی آئی ایل) پر سماعت سے انکار کر دیا، جس میں قومی دارالحکومت کے ہر پولیس تھانے میں لاپتہ افراد کے معاملات کے لیے ایک مخصوص سیل قائم کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
عدالت نے کہا کہ پولیسنگ کا کام پولیس حکام پر ہی چھوڑ دینا چاہیے۔ عرضی میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ تمام لاپتہ افراد کے معاملات میں لازمی طور پر ایف آئی آر درج کی جائے اور ایسے تمام کیسز کی مکمل تحقیقات مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) سے کرائی جائیں۔
اس کے علاوہ دہلی میں لاپتہ افراد کی تعداد میں “تشویشناک اضافہ” کی جانچ کے لیے ایک مشترکہ ٹاسک فورس قائم کرنے اور اس کی نگرانی کے لیے ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنانے کی بھی درخواست کی گئی تھی۔ چیف جسٹس ڈی کے اپادھیائے اور جسٹس تیجس کریا کی بنچ نے کہا کہ آنند لیگل ایڈ فورم ٹرسٹ کی جانب سے دائر کی گئی پی آئی ایل میں “وسیع نوعیت” کی راحت طلب کی گئی ہے۔
عدالت نے کہا کہ عرضی میں ایسا کوئی مخصوص واقعہ بیان نہیں کیا گیا جس میں پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کیا ہو۔ درخواست گزار کے وکیل نے میڈیا رپورٹس کی بنیاد پر مؤقف اختیار کیا کہ لاپتہ افراد کے معاملات میں “تشویشناک اضافہ” ایک عوامی مسئلہ ہے۔ اس پر عدالت نے کہا: پولیس کا انتظام کیسے کیا جائے، یہ پولیس پر چھوڑ دینا چاہیے۔ کتنے معاملات میں ایف آئی آر درج نہیں کی گئی، اس کا اعداد و شمار کہاں ہے؟
صبح اخبار پڑھ کر عرضیاں دائر نہ کریں۔ صرف اس لیے کہ آپ کو لگتا ہے کہ کسی معاملے کو ایک خاص طریقے سے نمٹایا جانا چاہیے، کیا آپ عدالت سے حکم امتناعی کی درخواست کر سکتے ہیں؟ ہائی کورٹ نے عرضی کو خارج کرتے ہوئے کہا: پولیس تنظیم کے کام کرنے کے طریقے سے متعلق ہدایات دینا عدالت کا کام نہیں ہے۔
دہلی کے ہر پولیس تھانے میں لاپتہ افراد کے لیے خصوصی سیل قائم کرنا پولیس حکام کا انتظامی معاملہ ہے اور یہ ان ہی پر چھوڑا جانا چاہیے۔ حکام کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کا لاپتہ افراد کے معاملات میں “تشویشناک اضافہ” کا دعویٰ درست نہیں ہے۔ تاہم عدالت نے ایک دوسری عوامی مفاد کی عرضی پر مرکز، دہلی حکومت اور دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا۔
اس عرضی میں پولیس کو لاپتہ افراد کی مجموعی تعداد کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کی ہدایت دینے کی درخواست کی گئی ہے۔ جیاِتا دیب سرکار کی جانب سے دائر اس پی آئی ایل میں حکام کو ہدایت دینے کی اپیل کی گئی ہے کہ وہ لاپتہ ہونے کے واقعات میں تشویشناک اضافہ کو روکنے کے لیے ایک جامع سکیورٹی نظام اور ادارہ جاتی حفاظتی اقدامات تیار کریں اور نافذ کریں۔
عرضی میں عدالت سے یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ گزشتہ دہائی کے دوران تقریباً 53,000 لاپتہ افراد کا سراغ لگانے اور ان کی موجودہ حیثیت سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔ بنچ نے کیس کی اگلی سماعت اپریل میں مقرر کرتے ہوئے کہا: عرضی کا جواب چار ہفتوں کے اندر داخل کیا جائے۔