پوکسو:ایک دن میں سماعت،گواہی اورفیصلہ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 27-11-2021
پوکسو:ایک دن میں سماعت،گواہی اورفیصلہ
پوکسو:ایک دن میں سماعت،گواہی اورفیصلہ

 

 

نئی دہلی: ہندوستان میں انصاف کے حصول کا راستہ بہت طویل سمجھا جاتا ہے۔ عدالتوں میں سالہا سال مقدمات چلتے ہیں۔ ایسے میں اگر صرف چند دنوں میں کسی کیس کا فیصلہ ہو جائے تو حیران ہونا فطری ہے۔

بہار کے ارریہ ضلع کی ایک عدالت نے ایک مثال قائم کی ہے۔پوکسو ایکٹ کے تحت درج کیس میں عدالت نے ایک دن کے اندر سماعت مکمل کرنے کے بعد اپنا فیصلہ سنایا۔ تاہم یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ عدالت نے بہت کم وقت میں مقدمے کی سماعت مکمل کی ہو۔

ماضی میں ایسے کئی کیسز آئے ہیں جن میں فیصلہ آنے میں زیادہ وقت نہیں لگا۔ ان میں سے زیادہ تر کیسزپوکسو یا عصمت دری سے متعلق ہیں۔ ارریہ میں قائم کی گئی عدالت نے پوکسو مقدمات کے لیے ایک مثال قائم کی ہے۔ اس سال 23 جولائی کو نابالغ کے خلاف عصمت دری کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

چارج شیٹ18ستمبر کو داخل کی گئی تھی۔ 20 ستمبر کو اسپیشل جج ششی کانت رائے کی عدالت نے اس کیس کا نوٹس لیا اور 24 ستمبر کو فرد جرم عائد کی گئی۔ پھر جج نے 10 گواہوں کی گواہی سنی اور اسی دن ملزم دلیپ یادو کو مجرم قرار دیا۔

عدالت نے مجرم کو عمر قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ عدالت نے ریاستی حکومت سے متاثرہ کو 7 لاکھ معاوضہ ادا کرنے کو بھی کہا ہے۔

اسی ماہ سورت کی ایک پوکسو عدالت نے بھی ایسی ہی مثال قائم کی۔

عدالت کے روبرو چار سالہ بچی سے زیادتی کا مقدمہ چلایا گیا۔ یہ واقعہ 12 اکتوبر کو پیش آیا۔ پولیس نے ملزم کو پکڑ کر 10 دن کے اندر چارج شیٹ داخل کر دی۔ عدالت نے بھی برق رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 5 دن میں ٹرائل مکمل کر لیا۔

گزشتہ روز سماعت رات 12 بجے تک جاری رہی۔ پھر عدالت نے ملزم کو مجرم قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی۔ اکتوبر 2021 میں، جے پور کی خصوصی پوکسو عدالت کے سامنے ایک 10 سالہ نابالغ کی عصمت دری کا معاملہ آیا۔

جے پور پولیس نے واقعے کے 13 گھنٹے کے اندر ملزم کو گرفتار کیا اور پھر اس کے چھ گھنٹے کے اندر چارج شیٹ داخل کر دی۔ عدالت نے 5 روز میں 28 گھنٹے کیس کی سماعت کی اور 18 گواہوں کے بیانات قلمبند کئے۔

عدالت نے مجموعی طور پر نو دن کا وقت لیا اور ملزم کو مجرم قرار دیتے ہوئے 20 سال قید بامشقت اور 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ گزشتہ ماہ یہاں کی خصوصی پوکسو عدالت کے سامنے نو سالہ معصوم کی عصمت دری کا معاملہ آیا تھا۔

یہ واقعہ 27 ستمبر 2021 کو پیش آیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے 6 اکتوبر کو چالان پیش کیا۔ 11 اکتوبر کو الزامات عائد کیے گئے تھے۔ عدالت نے صرف 12 کاروباری دنوں میں کیس کی سماعت کی۔

گواہوں کے بیانات اور جرح 26 اکتوبر تک جاری رہی۔ 28 اکتوبر کو بحث ہوئی اور عدالت نے ملزم کو مجرم قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی۔ یعنی عدالت کا فیصلہ واقعہ کے 31ویں دن آیا تھا۔

بہار شریف میں، جوونائل جسٹس کونسل کے پرنسپل مجسٹریٹ مانویندر مشرا نے اس سال مارچ میں ایک تاریخی فیصلہ سنایا۔ نابالغ ملزم کے خلاف نابالغ لڑکی سے بھاگ کر اس سے شادی کرنے اور جسمانی تعلقات قائم کرنے کے کافی ثبوت موجود تھے۔ اس کے باوجود عدالت نے نابالغ کو بری کر دیا اور نابالغ شوہر اور بیوی کو ساتھ رہنے کا حکم دیا۔ تاکہ ان کے چھ ماہ کے نومولود کی پرورش متاثر نہ ہو۔

جج نے کہا کہ سزا سے تینوں نابالغوں کی زندگیاں متاثر ہوں گی۔ یوپی کے بہرائچ میں باپ نے بیٹی کی عصمت دری کی۔ 22 اگست کو ماں کی شکایت پر پولیس نے پوکسو ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی۔ معاملہ فاسٹ ٹریک کورٹ میں گیا جہاں ایڈیشنل سیشن جج نتن کمار پانڈے نے تین ماہ کے اندر سماعت مکمل کی۔ عدالت نے ملزم باپ کو مجرم قرار دیتے ہوئے سزائے موت سنائی۔ جج نے متاثرہ لڑکی کو نیا نام بھی دیا تاکہ اس کی شناخت ظاہر نہ ہوسکے۔