ارون کمار داس، نئی دہلی
نئی دہلی، 5 اگست: عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے، وزارتوں کے درمیان ربط کو مضبوط بنانے اور پالیسیوں پر عمل درآمد کو تیز کرنے کے مقصد سے حکومت ہند نے نئی دہلی میں ایک جدید، کثیر منزلہ عمارت کرتویہ بھون-03 تعمیر کی ہے، جس کا بدھ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں افتتاح ہوا۔ یہ عمارت سنٹرل وسٹا پونر وکاس منصوبے کا حصہ ہے اور کامن سینٹرل سیکریٹریٹ (CCS) کی طرز پر بننے والی ایسی دس عمارات میں سے پہلی ہے۔
کرتویہ بھون-03 میں وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، دیہی ترقی، خورد و درمیانی صنعتیں (MSME)، عملہ و تربیت (DoPT)، پیٹرولیم و قدرتی گیس، اور پرنسپل سائنٹیفک ایڈوائزر کا دفتر جیسے اہم محکمے ایک ہی چھت کے نیچے کام کریں گے۔ اس سے قبل یہ وزارتیں شاستری بھون، کرشی بھون، اڈیّوگ بھون، نرمان بھون، نارتھ بلاک و ساؤتھ بلاک میں قائم تھیں جو 1950 تا 1970 کی دہائی میں بنائی گئی تھیں۔
یہ جدید عمارت تقریباً 1.5 لاکھ مربع میٹر رقبے پر محیط ہے، جس میں دو تہہ خانے، زمینی منزل اور سات منزلیں شامل ہیں۔ اسے گرین ریٹنگ فار انٹیگریٹڈ ہیبی ٹیٹ اسسمنٹ (GRIHA-4) کے معیار کے مطابق ماحول دوست انداز میں تعمیر کیا گیا ہے۔ اس میں ڈبل گلیزڈ کھڑکیاں، شمسی توانائی کے پینل، بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کا نظام، ایڈوانس ایچ وی اے سی سسٹم، اور پانی کی ری سائیکلنگ جیسی سہولیات شامل ہیں۔
کرتویہ بھون میں 1000 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جن کی نگرانی 150 تربیت یافتہ اہلکاروں پر مشتمل عملہ کرے گا۔ سیکورٹی کے لیے مرکزی کمانڈ سسٹم، آئی ڈی بیسڈ رسائی کنٹرول اور الیکٹرانک سرویلنس جیسی جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔
اس عمارت میں بجلی کی بچت کے لیے ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں جن پر موشن سنسر لگے ہیں، جبکہ اسمارٹ لفٹس اور ایڈوانس انرجی مینجمنٹ سسٹم کی بدولت توانائی کا بہترین استعمال ممکن بنایا گیا ہے۔ چھت پر نصب شمسی پینل سالانہ 5.34 لاکھ یونٹ بجلی پیدا کریں گے جبکہ شمسی واٹر ہیٹر روزانہ گرم پانی کی ایک چوتھائی ضرورت پوری کریں گے۔ الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ اسٹیشنز بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
عمارت کے شیشے شور و گرمی کو کم کرنے کے لیے خاص طور پر تیار کیے گئے ہیں۔ تعمیراتی ملبے کے ری سائیکل مواد، ہلکی دیواروں اور دیگر ماحول دوست طریقوں سے اس کی تعمیر کی گئی ہے تاکہ ماحولیاتی اثرات کو کم کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق، وزارت داخلہ نے پہلے ہی اس عمارت میں منتقل ہونا شروع کر دیا ہے، جبکہ دیگر وزارتیں بھی جلد یہاں منتقل ہو رہی ہیں۔ اس عمارت کی تعمیر لارسن اینڈ ٹوبرو نے 3,141.99 کروڑ روپے کی بولی کے ساتھ 2021 میں شروع کی تھی۔
وزیر اعظم دفتر کی جانب سے پیر کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا:
"یہ عمارت ایک جدید، اختراعی اور مربوط طرز حکمرانی کو فروغ دینے کے لیے تیار کی گئی ہے تاکہ بکھری ہوئی وزارتوں کو ایک چھت کے نیچے لایا جا سکے۔
یہ کمپلیکس جن پَتھ پر واقع سابق اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار دی آرٹس کی جگہ پر تین عمارتوں کے مجموعے میں شامل ہے۔ مرکزی وسٹا منصوبے کے تحت نارتھ بلاک اور ساؤتھ بلاک کو نیشنل میوزیم میں تبدیل کیا جائے گا، اور پرانی عمارتوں کو منہدم کر کے نئی CCS عمارات تعمیر کی جائیں گی۔
لوک سبھا میں 24 جولائی کو دیے گئے جواب میں وزیر مملکت برائے ہاؤسنگ و شہری امور ٹوکھن ساہو نے بتایا کہ CCS-1، 2 اور 3 عمارات کا 88 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، اور اسے ستمبر 2025 تک مکمل کیے جانے کی توقع ہے۔ باقی سات عمارات کی تعمیر کا عمل مختلف مراحل میں ہے، جن میں راکشا بھون، پرانا نائب صدر ہاؤس، اور وگیان بھون انیکسی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ مرکزی وسٹا ماسٹر پلان کے تحت 2022 میں راج پت کو دوبارہ تعمیر کر کے کرتویہ پاتھ کا نام دیا گیا تھا، اور 2023 میں نئی پارلیمنٹ کی عمارت مکمل کی گئی تھی۔ نائب صدر کی رہائش گاہ و دفتر کی تعمیر بھی مکمل ہو چکی ہے، جبکہ وزیر اعظم کی نئی رہائش گاہ اور دفتر کی تعمیر جاری ہے