وزیراعظم کا 13 ستمبر کو منی پور کا دورہ ، کریں گے 8,500 کروڑ روپے کے منصوبوں کا افتتاح

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 12-09-2025
وزیراعظم کا 13 ستمبر کو منی پور کا دورہ ، کریں گے 8,500 کروڑ روپے کے منصوبوں کا افتتاح
وزیراعظم کا 13 ستمبر کو منی پور کا دورہ ، کریں گے 8,500 کروڑ روپے کے منصوبوں کا افتتاح

 



امپھال، 12 ستمبر (پی ٹی آئی):
وزیراعظم نریندر مودی 13 ستمبر کو منی پور کا دورہ کریں گے اور چوراچاندپور اور امپھال میں داخلی طور پر بے گھر افراد(IDPs) سے ملاقات کریں گے۔ چیف سکریٹری پنیٹ کمار گوئل نے جمعہ کو اس دورے کی پہلی باضابطہ تصدیق کی۔

یہ مودی کا منی پور کا پہلا دورہ ہوگا جب سے دو سال قبل ریاست میں نسلی تشدد بھڑکا تھا۔چیف سکریٹری نے بتایا کہ وزیراعظم اس موقع پر 8,500 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا بھی افتتاح کریں گے۔

وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ  وزیراعظم اپنی شمولیتی، پائیدار اور ہمہ جہت ترقی کی وابستگی کے مطابق چوراچاندپور میں 7,300 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے کئی ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔"

بیان میں مزید کہا گیا کہ مودی امپھال میں بھی 1,200 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔

چیف سکریٹری نے پریس کانفرنس میں کہ امن صرف تشدد کی غیر موجودگی نہیں بلکہ اعتماد، ہم آہنگی اور مفاہمت کی موجودگی ہے۔ وزیراعظم کا یہ دورہ ریاست میں امن، معمولاتِ زندگی کی بحالی اور تیز رفتار ترقی کا راستہ ہموار کرے گا۔ معزز وزیراعظم 13 ستمبر کو آیزوال سے منی پور آئیں گے۔"

ان کے مطابق مودی چوراچاندپور اور امپھال میں داخلی طور پر بے گھر افراد سے ملاقات کریں گے اور ریاست میں اپنے دورے کے دوران دو عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔

چیف سکریٹری نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہ وزیراعظم تقریباً 12:15 بجے چوراچاندپور پہنچیں گے، جہاں وہ سب سے پہلے ضلع کے بعض بے گھر افراد سے ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد وہ ریاست بھر میں شروع کیے جانے والے مختلف بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیراعظم پیس گراؤنڈ، چوراچاندپور میں عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔

"اس کے بعد وہ تقریباً 2:30 بجے کانگلا پہنچیں گے اور وہاں بھی کچھ بے گھر افراد سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور کانگلا میں عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔

منصوبوں میں امپھال کے منٹری پکھری میں 101 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ نیا منی پور پولیس ہیڈکوارٹر اور اسی علاقے میں 538 کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا گیا سول سیکرٹریٹ شامل ہے۔

چوراچاندپور سے وزیراعظم مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے جن میں 3,647 کروڑ روپے کے ڈرینیج اور اثاثہ مینجمنٹ امپروومنٹ پروجیکٹ اور 550 کروڑ روپے کا منی پور اِنفوٹیک ڈیولپمنٹ(MIND) پروجیکٹ شامل ہیں۔

چیف سکریٹری نے کہا کہ ریاستی حکومت منی پور کے عوام ، چاہے وہ پہاڑی علاقوں سے ہوں یا وادیوں سے ، کی ان کوششوں کی قدردان ہے جن کی بدولت امن و امان اور معمولات کی بحالی کی سمت پیش رفت ممکن ہوئی۔انہوں نے کہاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں نے ریاست میں آہستہ آہستہ لیکن پائیدار استحکام اور سلامتی پیدا کی ہے۔

چیف سکریٹری نے مزید کہاکہمنی پور صرف ایک سرحدی ریاست نہیں بلکہ بھارت کی 'ایکٹ ایسٹ پالیسی' کا مرکزی ستون اور جنوب مشرقی ایشیا کا دروازہ ہے، یہ بھارت کی تنوع کی شاندار نگہبان ہے۔انہوں نے منی پور کے عوام سے اپیل کی کہ وہ وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کریں اور بڑے پیمانے پر ان کے پروگراموں میں شرکت کریں۔