نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں ملکارجن کھرگے کے جلسہ گاہ کے ’’شدھی کرن‘‘ کے معاملے کو لے کر ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کو نشانہ بنایا اور کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو ہدایت دینی چاہیے کہ اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی جائے۔
انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ کانگریس یہ یقینی بنائے گی کہ اس جرم کو انجام دینے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج ہو۔ راہل گاندھی نے کہا، ’’ملک میں دو نظریات کے درمیان لڑائی چل رہی ہے، ایک آئین کا نظریہ اور دوسرا بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)-راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کا نظریہ۔‘‘ انہوں نے الزام لگایا کہ آئین نافذ ہونے کے باوجود ملک میں دلتوں کے خلاف امتیاز اور تشدد جاری ہے، جو قانونی طور پر جرم ہے۔
گاندھی نے دعویٰ کیا کہ ملک کے کئی اسکولوں میں دلت بچوں سے بیت الخلا صاف کروایا جاتا ہے اور ان سے جھاڑو لگوائی جاتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ دلتوں کو کنوؤں سے پانی لینے سے روکا جاتا ہے اور چائے کی دکانوں پر ان کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جاتا ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ بارات میں گھوڑے پر سوار ہونے جیسے معاملات پر بھی دلتوں کو مبینہ طور پر مارا پیٹا اور دھمکایا جاتا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ایسے واقعات میں بی جے پی اور آر ایس ایس سے وابستہ لوگ شامل ہیں اور یہ آئین اور درج فہرست ذات و درج فہرست قبائل (مظالم کی روک تھام) قانون کے خلاف ہیں۔ گاندھی نے مطالبہ کیا کہ ’’شدھی کرن‘‘ میں شامل لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دینی چاہیے، کیونکہ دلتوں کے ساتھ اس طرح کے سلوک کے خلاف کارروائی یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔