نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے نئے دفتر ’’سیوا تیرتھ‘‘ سے پہلا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پی ایم روڈ ایکسیڈنٹ وکٹمز ہاسپٹلائزیشن اینڈ ایشورڈ ٹریٹمنٹ (RAHAT) اسکیم کی منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام کو سڑک حادثات میں بروقت علاج نہ ملنے کے باعث ہونے والی اموات کو روکنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
پی ایم راحت اسکیم کے تحت سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو 1.5 لاکھ روپے تک کا کیش لیس علاج فراہم کیا جائے گا۔ اس منصوبے کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ فوری طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے کسی کی جان ضائع نہ ہو۔ اسکیم کے قواعد کے مطابق غیر جان لیوا (Non-life-threatening) معاملات میں متاثرہ شخص کو 24 گھنٹے تک اسٹیبلائزیشن ٹریٹمنٹ فراہم کیا جائے گا، جبکہ جان لیوا (Life-threatening) صورت حال میں یہ مدت 48 گھنٹے تک ہوگی۔ علاج کے دوران آنے والے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔
علاج مکمل ہونے کے بعد متعلقہ اسپتال ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کلیم جمع کرائیں گے اور حکومت کی جانب سے ری ایمبرسمنٹ کی جائے گی۔ متاثرہ شخص یا اس کے اہل خانہ کو کسی قسم کی ادائیگی نہیں کرنا ہوگی۔ اس منصوبے سے فائدہ لینے کے لیے کسی رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہوگی، نہ ہی بیمہ یا آمدنی کا سرٹیفکیٹ درکار ہوگا۔
یہ اسکیم تمام شہریوں پر یکساں طور پر لاگو ہوگی۔ زیادہ سے زیادہ 1.5 لاکھ روپے تک کا خرچ حکومت برداشت کرے گی اور سات دن تک علاج کی سہولت دستیاب ہوگی۔ کیش لیس علاج صرف منظور شدہ (ایمپینلڈ) اسپتالوں میں ہوگا، جبکہ طویل مدتی بحالی کے لیے اضافی فنڈ کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔ حکومت نے ’’لکھپتی دیدی‘‘ اسکیم کے تحت مارچ 2027 سے پہلے تین کروڑ خواتین کو خود کفیل بنانے کا ہدف حاصل کر لیا ہے۔
اب نیا ہدف مقرر کرتے ہوئے مارچ 2029 تک چھ کروڑ لکھپتی دیدی بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ زرعی شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے ایگریکلچر انفراسٹرکچر فنڈ کے قرض ہدف کو ایک لاکھ کروڑ روپے سے بڑھا کر دو لاکھ کروڑ روپے کر دیا گیا ہے تاکہ زرعی ویلیو چین کو تقویت مل سکے۔
اسی طرح ملک کے انوویشن ایکو سسٹم کو فروغ دینے کے لیے اسٹارٹ اپ انڈیا فنڈ آف فنڈز (FoF) 2.0 کی منظوری دی گئی ہے، جس کا مجموعی کارپس 10 ہزار کروڑ روپے ہوگا۔ اس کا فوکس ڈیپ ٹیک، ابتدائی آئیڈیاز، ایڈوانسڈ مینوفیکچرنگ اور جدید ٹیکنالوجی پر ہوگا۔ پی ایم راحت اسکیم سڑک حادثات کے متاثرین کے لیے زندگی بچانے والی ڈھال ثابت ہو سکتی ہے، جبکہ لکھپتی دیدی، زرعی انفراسٹرکچر اور اسٹارٹ اپ سے متعلق فیصلے حکومت کی جامع اور مستقبل پر مبنی ترقیاتی پالیسی کی عکاسی کرتے ہیں۔