وزیر اعظم نریندر مودی نے من کی بات میں قدرتی آفات کا ذکر کیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 31-08-2025
وزیر اعظم نریندر مودی نے من کی بات میں قدرتی آفات کا ذکر کیا
وزیر اعظم نریندر مودی نے من کی بات میں قدرتی آفات کا ذکر کیا

 



نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار (31 اگست) کو اپنے ریڈیو پروگرام 'من کی بات' کے ذریعے قوم سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے حالیہ قدرتی آفات جیسے بارش، سیلاب اور زمین کھسکنے (لینڈ سلائیڈنگ) سے ہونے والی تباہی کا ذکر کیا۔

انہوں نے کہا: میرے پیارے دیش واسیو، نمسکار! مانسون کے اس موسم میں قدرتی آفات نے ملک کی آزمائش لی ہے۔ پچھلے کچھ ہفتوں میں ہم نے سیلاب اور زمین کھسکنے کی شدید تباہی دیکھی ہے۔ کہیں گھروں کا صفایا ہو گیا، کہیں کھیت ڈوب گئے، پورے پورے خاندان اجڑ گئے، پانی کے تیز بہاؤ میں کہیں پل بہہ گئے، سڑکیں ٹوٹ گئیں، لوگوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں۔

ان تمام حادثات نے ہر ہندوستانی کو دکھی کیا ہے۔ جن خاندانوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا، ان کا درد ہمارا مشترکہ درد ہے۔ جہاں بھی آفت آئی، وہاں ہمارے NDRF، SDRF کے جوان، دیگر سیکیورٹی فورسز، ہر کوئی دن رات لوگوں کو بچانے میں مصروف رہا۔

جوانوں نے جدید ٹیکنالوجی کا بھی سہارا لیا—تھرمل کیمرے، لائیو ڈیٹیکٹر، سراغ رساں کتے اور ڈرون کے ذریعے نگرانی جیسے وسائل سے امدادی کاموں کو تیز کیا گیا۔وزیر اعظم نے کہا: ملک میں پہلا کھیلو انڈیا واٹر اسپورٹس فیسٹیول سری نگر کی دل جھیل پر منعقد ہوا۔ واقعی، ایسا تہوار منعقد کرنے کے لیے یہ کتنی خاص جگہ ہے۔ اس کا مقصد جموں و کشمیر میں واٹر اسپورٹس کو زیادہ مقبول بنانا ہے۔

اس مقابلے میں پورے ہندوستان سے 800 سے زیادہ کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ خواتین کھلاڑی بھی کسی سے پیچھے نہیں تھیں، ان کی شرکت بھی مردوں کے برابر رہی۔ میں تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں جنہوں نے اس میں حصہ لیا۔ خاص طور پر مدھیہ پردیش کو مبارکباد، جس نے سب سے زیادہ میڈلز جیتے، اس کے بعد ہریانہ اور اوڈیشہ کا نمبر رہا۔

جموں و کشمیر کی حکومت اور وہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی اور خلوص کی میں دل سے تعریف کرتا ہوں۔ ا نہوں نے مزید کہا کہ اس موقع پر انہوں نے اوڈیشہ کی رشمیتا ساہو اور سری نگر کے محسن علی نامی دو کھلاڑیوں سے بھی بات چیت کی، جنہوں نے فیسٹیول میں حصہ لیا تھا۔

وزیر اعظم نے کہا: ایک بھارت، شریشٹھ بھارت (یعنی متحد اور عظیم بھارت) کا جذبہ، ملک کی یکجہتی اور ترقی کے لیے بے حد ضروری ہے، اور کھیل اس میں بہت بڑا کردار ادا کرتے ہیں۔ اسی لیے تو میں کہتا ہوں، جو کھیلتا ہے، وہ کھلتا ہے۔ ہمارا ملک جتنے زیادہ ٹورنامنٹس کھیلے گا، اتنا ہی زیادہ ترقی کرے گا۔ آپ دونوں کھلاڑیوں اور آپ کے ساتھیوں کو میری بہت بہت نیک خواہشات۔

وزیر اعظم نے کہا:آپ نے یو پی ایس سی (UPSC) کا نام تو سنا ہی ہوگا۔ یہ ادارہ ملک کی سب سے مشکل امتحانات میں سے ایک یعنی سول سروسز کے امتحانات لیتا ہے۔ ہم سب نے سول سروسز کے ٹاپرز کی متاثر کن باتیں بارہا سنی ہیں۔ یہ نوجوان بہت مشکل حالات میں محنت کر کے اس مقام تک پہنچتے ہیں۔ لیکن، دوستو، یو پی ایس سی کی ایک اور حقیقت بھی ہے۔ ہزاروں ایسے امیدوار ہوتے ہیں جو انتہائی قابل اور محنتی ہوتے ہیں، مگر معمولی فرق سے آخری فہرست (میرٹ لسٹ) میں جگہ نہیں بنا پاتے۔

ان امیدواروں کو پھر نئی سرے سے تیاری کرنی پڑتی ہے، جس میں وقت اور پیسہ دونوں صرف ہوتے ہیں۔ اب ان باصلاحیت مگر منتخب نہ ہو پانے والے امیدواروں کے لیے ایک نیا ڈیجیٹل پلیٹ فارم بنایا گیا ہے، جس کا نام ہے: 'پرتبھا سیتو'۔

انہوں نے وضاحت کی:پرتبھا سیتو پر ان امیدواروں کا ڈیٹا موجود ہے، جنہوں نے UPSC کے مختلف مراحل (پری، مین، انٹرویو) تو کامیابی سے مکمل کیے، لیکن حتمی میرٹ لسٹ میں شامل نہ ہو سکے۔ اس پورٹل پر 10 ہزار سے زائد ایسے قابل نوجوانوں کا ڈیٹابینک موجود ہے۔ کوئی سول سروسز کی تیاری کر رہا تھا، کوئی انجینئرنگ سروسز کے لیے، کوئی میڈیکل سروسز کے ہر مرحلے سے گزرا، مگر منتخب نہ ہو سکا۔ اب ان سب کی معلومات 'پرتبھا سیتو' پر دستیاب ہے۔

نجی کمپنیاں اس ڈیٹا بیس کے ذریعے ان قابل نوجوانوں کو روزگار دے سکتی ہیں۔ اس کوشش کے نتائج بھی سامنے آنے لگے ہیں۔ سینکڑوں امیدواروں کو اس پورٹل کے ذریعے فوراً نوکری ملی ہے، اور وہ نوجوان جو معمولی فرق سے پیچھے رہ گئے تھے، اب نئے اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا: آج کل پوڈکاسٹ کا بڑا رواج ہے۔ مختلف موضوعات سے متعلق پوڈکاسٹ کو طرح طرح کے لوگ سنتے اور دیکھتے ہیں۔ پچھلے دنوں میں بھی کچھ پوڈکاسٹس میں شامل ہوا تھا۔ ایسا ہی ایک پوڈکاسٹ دنیا کے مشہور پوڈکاسٹر لیکس فریڈمین کے ساتھ ہوا تھا۔

اس پوڈکاسٹ میں کئی موضوعات پر بات ہوئی، اور دنیا بھر کے لوگوں نے اسے سنا۔انہوں نے مزید کہا: جب پوڈکاسٹ کی بات ہو رہی تھی تو باتوں ہی باتوں میں میں نے ایک خاص موضوع چھیڑا۔ جمہوریہ جرمنی کے ایک فٹبال کھلاڑی نے یہ پوڈکاسٹ سنا، اور میری کہی ہوئی بات نے ان کی توجہ کھینچ لی۔

انہوں نے اس موضوع سے اتنا گہرا تعلق محسوس کیا کہ پہلے تو اس پر تحقیق کی، پھر بھارت میں جرمنی کے سفارتخانے سے رابطہ کیا، اور ایک خط کے ذریعے بتایا کہ وہ اس موضوع پر بھارت سے جڑنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا: میں نے پوڈکاسٹ کے دوران مدھیہ پردیش کے ضلع شہڈول کے ایک گاؤں کا ذکر کیا تھا، جہاں کے نوجوان فٹبال کے شوقین ہیں۔

دراصل، دو سال پہلے میں شہڈول گیا تھا اور وہاں کے ایک فٹبال کھلاڑی سے ملاقات ہوئی تھی۔ پوڈکاسٹ میں ایک سوال کے جواب میں میں نے شہڈول کے ان فٹبال کھلاڑیوں کا ذکر کیا تھا۔ یہی بات جرمنی کے معروف فٹبال کھلاڑی اور کوچ ڈیئٹمر بیئرسڈورفر نے بھی سنی۔ شہڈول کے نوجوان کھلاڑیوں کی زندگی کی جدوجہد اور ان کا حوصلہ انہیں بہت متاثر کر گیا۔

انہوں نے ان نوجوانوں کو جرمنی کی ایک اکیڈمی میں تربیت دینے کی پیشکش کی۔ اس کے بعد مدھیہ پردیش کی حکومت نے بھی ان سے رابطہ کیا۔ اب جلد ہی شہڈول کے کچھ نوجوان ساتھی جرمنی جائیں گے اور تربیتی کورس میں حصہ لیں گے۔

وزیر اعظم نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے کہ بھارت میں فٹبال کی مقبولیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ میں تمام فٹبال کے شوقین افراد سے گزارش کرتا ہوں کہ جب بھی موقع ملے، شہڈول ضرور جائیں، اور وہاں جاری 'اسپورٹس کا انقلاب' اپنی آنکھوں سے دیکھیں۔۔

'من کی بات' کی شروعات 3 اکتوبر 2014 کو ہوئی تھی۔ اس پروگرام کی شروعات 3 اکتوبر 2014 کو ہوئی تھی۔ اسے ہندوستان کی 22 زبانوں اور 29 بولیوں کے علاوہ 11 غیر ملکی زبانوں میں بھی نشر کیا جاتا ہے، جن میں فرانسیسی، چینی، انڈونیشیائی، تبتی، برمی، بلوچ، عربی، پشتو، فارسی، دری اور سواحیلی شامل ہیں۔ 'من کی بات' کا نشر آکاشوانی (آل انڈیا ریڈیو) کے 500 سے زائد مراکز کے ذریعے کیا جاتا ہے۔