نئی دہلی : وزیرِاعظم نریندر مودی نے دہلی اور اس کے گرد و نواح میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور سفر کو آسان بنانے کے لیے دو اہم قومی شاہراہ منصوبوں کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ٹرانسپورٹ منسٹر نتن گڈکری بھی موجود تھے۔ ان منصوبوں میں دہلی کا دوارکا ایکسپریس وے اور اربن ایکسٹینشن روڈ-2 (UER-2) شامل ہیں، جن کی مجموعی لاگت تقریباً 11 ہزار کروڑ روپے ہے۔
دوارکا ایکسپریس وے اور اربن ایکسٹینشن روڈ-II (UER-II) کے دہلی سیکشن کے افتتاح کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے کہا: اس ایکسپریس وے کا نام دوارکا ہے، اور جس مقام پر یہ پروگرام ہو رہا ہے وہ روہنی ہے۔ میں بھی دوارکادھیش کی سرزمین سے تعلق رکھتا ہوں… پورا ماحول بہت ‘کرشن مَے’ ہو گیا ہے۔
مزید گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا: اگست کا مہینہ آزادی اور انقلاب کے جذبے سے بھرپور ہوتا ہے۔ اسی جشنِ آزادی کے درمیان، آج قومی دارالحکومت دہلی ترقی کی ایک انقلابی تبدیلی کا مشاہدہ کر رہا ہے۔ کچھ ہی دیر پہلے دہلی کو دوارکا ایکسپریس وے اور اربن ایکسٹینشن روڈ کے ذریعے نئی کنیکٹیویٹی حاصل ہوئی ہے۔ اس سے دہلی، گڑگاؤں اور پورے این سی آر کے لوگوں کو زبردست فائدہ ہوگا۔
Delhi: PM Narendra Modi says, "The month of August is filled with the spirit of freedom and revolution. Amidst this celebration of independence, today the national capital Delhi is witnessing a revolution in development. A short while ago, Delhi received new connectivity through… pic.twitter.com/EQ6DC2pUki
— IANS (@ians_india) August 17, 2025
واضح ہوکہ یہ دونوں شاہراہیں دہلی کے باسیوں اور نیشنل کیپیٹل ریجن (NCR) میں رہنے والوں کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوں گی۔ خاص طور پر دہلی سے چنڈی گڑھ اور اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک کے سفر کا وقت نمایاں طور پر کم ہوگا۔
نئی سڑکوں سے نہ صرف سفری سہولتیں بہتر ہوں گی بلکہ شہر کی اہم سڑکوں پر موجود ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہوگا۔ افتتاحی تقریب میں وزیرِاعظم کے ہمراہ مرکزی وزیر برائے ٹرانسپورٹ نیتن گڈکری، دہلی کی وزیرِاعلیٰ ریکھا گپتا اور ہریانہ کے وزیرِاعلیٰ نایاب سنگھ سینی بھی موجود تھے۔
تقریب میں اعلان کیا گیا کہ دوارکا ایکسپریس وے کا دہلی سیکشن، جس کی لمبائی 10.1 کلومیٹر ہے، مکمل ہو چکا ہے اور اسے عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ اس منصوبے پر تقریباً 5,360 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔
یہ شاہراہ دہلی میٹرو کی بلیو اور اورنج لائنز، یشوبھومی مرکز، آئندہ بننے والے بجواسن ریلوے اسٹیشن اور دوارکا بس ڈپو سے براہ راست جڑی ہوگی، جس سے مسافروں کو ملٹی ماڈل سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔ سڑک کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے؛ پہلا حصہ شیو مورتی انٹرسیکشن سے دوارکا سیکٹر 21 تک 5.9 کلومیٹر پر مشتمل ہے، جب کہ دوسرا حصہ سیکٹر 21 سے دہلی-ہریانہ سرحد تک 4.2 کلومیٹر طویل ہے، جو براہِ راست UER-2 سے منسلک ہوگا۔
وزیرِاعظم مودی نے اربن ایکسٹینشن روڈ-2 کے تحت دہلی کے علی پور سے دہیگاؤں کلاں تک کے سیکشن کا بھی افتتاح کیا، جو بہادر گڑھ اور سونی پت جیسے صنعتی شہروں کو دہلی سے جوڑنے والا نیا لنک فراہم کرے گا۔
Delhi: Union Minister Nitin Gadkari says, "The roadmap given by the Prime Minister aims to reduce logistics costs. Currently, our country’s logistics cost is 14–16%, while China’s is 8%, and in Europe and America it is around 12%. Recently, a study conducted jointly by IIT… pic.twitter.com/xldJVmnwka
— IANS (@ians_india) August 17, 2025
اس منصوبے پر تقریباً 5,580 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔ یہ سڑک دہلی کی انر اور آؤٹر رنگ روڈ، مکربہ چوک، دھولا کوں اور نیشنل ہائی وے 9 جیسے مصروف علاقوں پر ٹریفک کا بوجھ کم کرے گی، جبکہ صنعتوں کے لیے مال برداری کو بھی تیز اور آسان بنائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں سے نہ صرف دہلی میں ٹریفک کی صورتحال میں بہتری آئے گی بلکہ یہ پورے NCR کے اقتصادی اور صنعتی ڈھانچے کو بھی نئی توانائی فراہم کریں گے۔ نئی سڑکیں شہریوں کے لیے وقت، ایندھن اور اعصاب کی بچت ثابت ہوں گی، جبکہ دہلی جیسے میٹروپولیٹن شہر کے بنیادی ڈھانچے کو بھی مستحکم کریں گی۔