گوہاٹی
وزیرِ اعظم نریندر مودی اپنے دو روزہ دورے کے تحت جمعہ کی دوپہر آسام پہنچیں گے۔ اس دوران وہ اسمبلی انتخابات سے قبل تقریباً سینتالیس ہزار چھ سو کروڑ روپے کی ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کریں گے۔
وزیرِ اعظم آج دوپہر کوکراجھار پہنچیں گے جہاں وہ چار ہزار پانچ سو ستر کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے منصوبوں کا آغاز کریں گے۔ اس کے بعد وہ گوہاٹی جائیں گے اور وہاں انیس ہزار چھ سو اسی کروڑ روپے کی ترقیاتی منصوبوں کی شروعات کریں گے۔
یہ گزشتہ چار مہینوں کے دوران نریندر مودی کا آسام کا چوتھا دورہ ہوگا۔نریندر مودی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام میں کہا كہ کوکراجھار، گوہاٹی، سلچر اور کولکتہ میں ہونے والے پروگراموں میں شرکت کے لیے میں اگلے دو دن آسام اور مغربی بنگال میں رہوں گا۔ یہ پروگرام ان دونوں ریاستوں کے لوگوں کے ساتھ بات چیت کا ایک اچھا موقع فراہم کریں گے۔ اس کے ساتھ مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کیا جائے گا۔ریاست کے وزیرِ اعلیٰ ہمنتا بسوا شرما نے کہا کہ وزیرِ اعظم کے دورے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ نے ایک سماجی پیغام میں کہا كہ آسام کے لوگ آج نریندر مودی کی آمد کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ ہم نے آخری تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اگلے اڑتالیس گھنٹوں میں سینتالیس ہزار چھ سو کروڑ روپے سے زیادہ کے منصوبے عوام کے نام وقف کیے جائیں گے۔
کوکراجھار میں نریندر مودی آسام مالا تین اعشاریہ صفر منصوبے کے لیے بنیاد رکھنے کی رسم ادا کریں گے، جو سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق ایک اہم منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کے تحت نو سو کلو میٹر سے زیادہ سڑکیں تعمیر کی جائیں گی جس سے بین الریاستی رابطہ بہتر ہوگا اور قومی شاہراہوں اور دیہی سڑکوں کے درمیان تعلق مزید مضبوط ہوگا۔
وہ بوڈولینڈ علاقائی کونسل کے علاقے میں تقریباً ایک ہزار ایک سو کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے چار فلائی اوور اور دو پلوں کا بھی سنگِ بنیاد رکھیں گے۔نریندر مودی گوہاٹی کے سرکاری مہمان خانے میں رات قیام کریں گے اور ہفتہ کے روز سلچر روانہ ہوں گے جہاں وہ تقریباً تئیس ہزار پانچ سو پچاس کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کریں گے۔
آسام میں اسمبلی انتخابات اپریل میں ہونے کا امکان ہے جس میں برسرِ اقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی مسلسل تیسری بار حکومت بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔