کولکتہ میٹرو کے 3 روٹس کا افتتاح کریں گے مودی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 18-08-2025
کولکتہ میٹرو کے 3 روٹس کا افتتاح کریں گے مودی
کولکتہ میٹرو کے 3 روٹس کا افتتاح کریں گے مودی

 



كولكتہ/آواز دی وائس
وزیرِاعظم نریندر مودی 22 اگست کو کولکتہ میں میٹرو کے تین نئے روٹس کا افتتاح کریں گے۔ مرکزی ریلوے وزیر اشونی ویشنو نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو بھی اس پروگرام میں مدعو کیا ہے۔ اب سی ایم اس تقریب میں شامل ہوں گی یا نہیں، اس بات کو لے کر تجسس بڑھ گیا ہے۔
وزیرِاعظم نریندر مودی 22 اگست کو گرین لائن کے سیالدہ-ایسپلینیڈ حصے، اورنج لائن کے ہمنت مکھوپادھیائے (روبی کراسنگ)-بیلی گھاٹا حصے اور ییلو لائن کے نوآپارا-جئے ہند ہوائی اڈہ حصے کا افتتاح کریں گے۔ میٹرو کے ایک ترجمان نے اتوار کو بتایا کہ اس سروس سے مقامی باشندوں کو کولکتہ ایئرپورٹ تک پہنچنے میں آسانی ہوگی۔
کولکتہ کا ایئرپورٹ میٹرو نیٹ ورک سے جڑ جائے گا
اس کے بعد کولکتہ ایئرپورٹ میٹرو نیٹ ورک سے منسلک ہو جائے گا کیونکہ نوآپارا اور جئے ہند ہوائی اڈے کے درمیان ییلو لائن کا 6.77 کلومیٹر کا حصہ اگلے ہفتے شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔ میٹرو ریلوے کولکتہ نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ اس 6.77 کلومیٹر کے حصے میں چار اسٹیشن شامل ہیں — نوآپارا، دم دم چھاؤنی، جیسور روڈ اور جئے ہند ہوائی اڈہ۔ گرین لائن، اورنج لائن اور ییلو لائن پر بیک وقت خدمات شروع ہونے سے کولکتہ میں شہری رابطے میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
ممتا بنرجی کو ملے دعوت نامے پر ٹی ایم سی کا ردعمل
ویشنو نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو دیے گئے دعوت نامے میں مغربی بنگال میں ریلوے خدمات اور بنیادی ڈھانچے میں بہتری کے لیے مرکز کی وابستگی پر زور دیا۔ تاہم، اس دعوت نامے پر مختلف ردعمل سامنے آئے۔ ٹی ایم سی کے ترجمان اروپ چکرورتی نے مرکز پر تنقید کرتے ہوئے کہا كہ مرکزی حکومت کے سوتیلے رویے کی وجہ سے کئی میٹرو منصوبے بجٹ کی کمی کے سبب اٹکے ہوئے ہیں۔ لوکل ٹرینیں بھی وقت پر نہیں چلتی ہیں۔ کم از کم اس بار انہوں نے وزیر اعلیٰ کو مدعو کیا ہے کیونکہ 2026 کا الیکشن قریب ہے۔
بی جے پی نفرت کی سیاست میں یقین نہیں رکھتی : سکانت مجومدار
ادھر، بی جے پی کے ریاستی صدر سکانت مجومدار نے منصوبوں میں تاخیر کے لیے زمین سے متعلق مسائل کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے کہا، ’’بنگال میں زمین کے مسائل کی وجہ سے تقریباً 43 منصوبے اٹکے ہوئے ہیں۔ جس منصوبے کا افتتاح کرنے وزیرِاعظم آ رہے ہیں، وہ چنگری گھاٹا کے پاس کئی دنوں سے رکا ہوا تھا۔ پولیس اور ٹریفک ڈپارٹمنٹ کے عدم تعاون کی وجہ سے میٹرو ریل اسے سیکٹر 5 سے نہیں جوڑ پا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ کو دعوت دینا فطری بات ہے کیونکہ بی جے پی نفرت کی سیاست میں یقین نہیں رکھتی۔ وہ وفاقی ڈھانچے پر یقین رکھتی ہے جس کا ٹی ایم سی میں فقدان ہے، اس لیے ان کی اس طرح کی تنقید فطری ہے۔
نئے میٹرو روٹس کی تفصیل
نئے روٹس میں سیالدہ سے ایسپلینیڈ تک ایسٹ-ویسٹ میٹرو (گرین لائن) کا آخری حصہ شامل ہے جو اس اہم لنک کو مکمل کرے گا۔ اورنج لائن ہمنت مکھوپادھیائے (روبی کراسنگ) سے بیلی گھاٹا تک خدمات کا دائرہ بڑھائے گی اور چار نئے اسٹیشن شامل کرے گی۔ اسی کے ساتھ، ییلو لائن نوآپارا کو جئے ہند (ہوائی اڈہ) سے جوڑے گی، جس میں چار نئے اسٹیشن شامل ہوں گے اور ایئرپورٹ کے لیے براہِ راست میٹرو رابطہ قائم ہوگا۔ اس کے علاوہ وزیرِاعظم مودی ہوڑہ میٹرو اسٹیشن پر ایک سب وے کا بھی افتتاح کریں گے۔