دہلی میں متحدہ عرب امارات کے صدر کا پی ایم مودی نے استقبال کیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 19-01-2026
دہلی میں متحدہ عرب امارات کے صدر کا پی ایم مودی نے استقبال کیا
دہلی میں متحدہ عرب امارات کے صدر کا پی ایم مودی نے استقبال کیا

 



نئی دہلی: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نئی دہلی پہنچ گئے ہیں، جہاں دہلی ایئرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی خود ایئرپورٹ پہنچے اور یو اے ای کے صدر کا استقبال کیا، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے معانقہ بھی کیا۔ شیخ محمد بن زاید کا یہ دورۂ بھارت ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب سعودی عرب اور یو اے ای کے درمیان کشیدگی کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔

وزیرِ اعظم نریندر مودی نے یو اے ای صدر کے دورے پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر بھی پوسٹ کیا۔ انہوں نے لکھا: "میں اپنے بھائی، متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا استقبال کرنے ایئرپورٹ گیا۔ ان کا یہ دورہ بھارت اور یو اے ای کے درمیان مضبوط اور دوستانہ تعلقات کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ میں ہماری بات چیت کا منتظر ہوں۔ یہ دورہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی دعوت پر ہو رہا ہے۔

یو اے ای کے صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا تیسرا سرکاری دورۂ بھارت ہے، جبکہ گزشتہ دس برسوں میں وہ چار مرتبہ بھارت آ چکے ہیں۔ اس سے قبل ستمبر 2025 میں ابو ظہبی کے کراؤن پرنس شیخ خالد بن زاید النہیان اور اپریل 2025 میں یو اے ای کے نائب وزیرِ اعظم شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے بھی بھارت کا دورہ کیا تھا۔

یو اے ای کے رہنماؤں کے مسلسل دورے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔ حالیہ برسوں میں بھارت اور یو اے ای کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ یو اے ای، بھارت میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا ساتواں سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ سال 2000 سے اب تک یو اے ای بھارت میں 22 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کر چکا ہے، جو بھارت کے ترقیاتی شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

بھارت اور یو اے ای ایک دوسرے کے اہم تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت دار ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان کمپریہینسو اکنامک پارٹنرشپ ایگریمنٹ (CEPA)، لوکل کرنسی سیٹلمنٹ (LCS) سسٹم اور دو طرفہ سرمایہ کاری معاہدہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں بھی مضبوط شراکت داری ہے، جس میں طویل المدتی سپلائی معاہدے شامل ہیں۔ بھارت اور یو اے ای کے تعلقات سیاسی، ثقافتی اور اقتصادی بنیادوں پر قائم، گرمجوش اور مستحکم رہے ہیں۔