نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز رام نومی کے موقع پر ایودھیا کے رام مندر میں منعقد ہونے والے ’سورج تلک‘ (سوریا تلک) تقریب کو آن لائن دیکھا۔ بھگوان شری رام کے یومِ پیدائش رام نومی کا تہوار اتر پردیش کے ایودھیا میں لاکھوں عقیدت مندوں کی موجودگی میں نہایت عقیدت اور شان و شوکت کے ساتھ منایا گیا۔
وزیر اعظم نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’آج ایودھیا میں واقع شری رام جنم بھومی مندر میں سوریا تلک کی رسم ادا کی گئی۔ بھگوان شری رام کی کرپا ہم سب پر ہمیشہ بنی رہے۔‘‘ سرکاری معلومات کے مطابق، رام مندر میں دوپہر 12 بجے سائنسی تکنیک کی مدد سے رام للا کا ’سوریا تلک‘ کیا گیا۔
اس دوران تقریباً نو منٹ تک سورج کی کرنیں سیدھی بھگوان کے ماتھے پر پڑیں۔ گربھ گرہ میں 14 پجاریوں نے ویدک روایت کے مطابق رسومات ادا کیں۔ تقریب کے بعد مندر کے دروازے کچھ وقت کے لیے بند کر دیے گئے اور بھگوان کو 56 قسم کے کھانوں کا بھوگ پیش کیا گیا۔ رام للا کی مورتی کے قیام کے بعد یہ دوسرا ’سوریا تلک‘ تقریب تھا۔