گجرات پہنچے پی ایم مودی، بلٹ ٹرین کے کام جائزہ لیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 15-11-2025
گجرات پہنچے پی ایم مودی، بلٹ ٹرین کے کام جائزہ لیا
گجرات پہنچے پی ایم مودی، بلٹ ٹرین کے کام جائزہ لیا

 



احمدآباد: وزیراعظم نریندر مودی آج گجرات کے دورے پر ہیں، جہاں وہ متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ وہ سب سے پہلے سورت پہنچے، جہاں انٹرولی علاقے میں زیرِ تعمیر بُلیٹ ٹرین اسٹیشن کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ممبئی۔احمدآباد ہائی اسپیڈ ریل کوریڈور کی پیش رفت کا معائنہ بھی کیا۔

یہ کوریڈور تقریباً 508 کلومیٹر پر مشتمل ہے، جس میں سے 352 کلومیٹر حصہ گجرات اور دادر و نگر حویلی جبکہ 156 کلومیٹر حصہ مہاراشٹر میں آتا ہے، اور یہ مختلف بڑے شہروں کو آپس میں جوڑنے کا کام کرے گا۔ اپنے دورے کے دوران وزیراعظم مودی جن جاتیہ گورو دیوس اور بھگوان بِرسا مُنڈا کی 150ویں جینتی کی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔

نرمدہ ضلع میں وہ 9700 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اہم ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھیں گے، جن میں قبائلی بہبود، بنیادی ڈھانچے، صحت، تعلیم اور ثقافتی ورثے کے فروغ سے متعلق اقدامات شامل ہیں۔ وزیراعظم دن کا آغاز نرمدہ ضلع کے دیوموگرا مندر میں پوجا اور درشن کے ساتھ کریں گے، جس کے بعد وہ ڈڈیاپاڑا میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔ اس دوران وہ پی ایم جنمن اور ڈی اے–جگُوا اسکیموں کے تحت تعمیر ہونے والے ایک لاکھ گھروں کا باقاعدہ گھر پریش کرائیں گے۔

علاوہ ازیں وہ 1900 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے 42 ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں، دِبروگڑھ کے آسام میڈیکل کالج میں قائم سَکشمتا مرکز، اور امفال میں قبائلی ثقافت کے تحفظ کے لیے تعمیر کردہ قبائلی تحقیقاتی ادارے کی عمارت کا افتتاح بھی کریں گے۔

وزیراعظم مودی گجرات کے 14 قبائلی اضلاع میں سفری سہولیات بہتر بنانے کے لیے 250 نئی بسوں کو ہری جھنڈی دکھائیں گے اور قبائلی علاقوں میں 748 کلومیٹر طویل نئی سڑکوں کے ساتھ ساتھ 14 قبائلی ملٹی مارکیٹنگ مراکز کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ ان کے دورے میں 2320 کروڑ روپے سے زائد لاگت کے 50 نئے ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں کی بنیاد رکھنا بھی شامل ہے، جن کا مقصد قبائلی نوجوانوں کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے۔