مودی کا 13 مارچ کو آسام کا دورہ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-03-2026
مودی کا 13 مارچ کو آسام کا دورہ
مودی کا 13 مارچ کو آسام کا دورہ

 



نئی دہلی
وزیر اعظم نریندر مودی 13 مارچ کو آسام کا دورہ کریں گے۔ وہ بودولینڈ ٹیریٹوریل ایریاز ڈسٹرکٹ کے کوکراجھار میں کئی بڑے سرکاری پروگراموں میں شرکت کریں گے اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ وزیر اعظم یہاں ایک بڑی عوامی ریلی سے بھی خطاب کریں گے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بھی اسی ماہ کی 15 تاریخ کو گوہاٹی میں ایک بڑی ریلی کے ذریعے آسام اسمبلی انتخابات کے لیے بی جے پی کے انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ بی جے پی ذرائع کے مطابق یہ ایک عظیم الشان ریلی ہوگی جس میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔
متعدد ریاستوں کے دورے پر امت شاہ
یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ مرکزی الیکشن کمیشن 15 مارچ کے بعد کسی بھی وقت آسام سمیت پانچ ریاستوں اور ایک مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر سکتا ہے۔ اس سے قبل بی جے پی کے سرکردہ رہنما ان ریاستوں میں انتخابی ماحول کو مزید گرمائیں گے۔ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا دوسرا مرحلہ 9 مارچ سے شروع ہو رہا ہے۔ پارلیمانی مصروفیات کے باوجود وزیر داخلہ امت شاہ کئی اہم ریاستی دورے کریں گے۔
امت شاہ کا شیڈول
امت شاہ 5 مارچ کو اڈیشہ کے دو روزہ دورے پر رہیں گے۔ وہ 5 مارچ کی رات بھونیشور پہنچیں گے اور 6 مارچ کو مختلف پروگراموں میں حصہ لیں گے۔ اس کے بعد 7 مارچ کو ان کا اتراکھنڈ جانے کا پروگرام ہے، جہاں وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کے بطور وزیر اعلیٰ چار سال مکمل ہونے کے موقع پر ہری دوار میں "وکاس سنکلپ پرو" کے نام سے خصوصی تقریب منعقد کی جا رہی ہے۔ وزیر داخلہ اس تقریب میں شرکت کریں گے۔
۔8 مارچ کو وزیر داخلہ امت شاہ کا گجرات جانے کا پروگرام ہے، جہاں وہ اپنی وزارتوں سے متعلق کچھ پروگراموں کے علاوہ پارٹی کے چند دیگر پروگراموں میں بھی شریک ہوں گے۔
وزیر داخلہ امت شاہ 14 مارچ کو پنجاب کا دورہ کریں گے۔ وہاں موگا میں بی جے پی کی جانب سے ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اگلے سال ہونے والے ریاستی اسمبلی انتخابات سے قبل اسے بی جے پی کی انتخابی مہم کے آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس ماہ کے آخر میں ان کا ایک اور دورہ شمال مشرقی خطے کا بھی متوقع ہے۔