پی ایم مودی دو اگست کو نشہ مخالف مہم شروع کریں گے:مانڈویا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 29-07-2026
پی ایم مودی دو اگست کو نشہ مخالف مہم شروع کریں گے:مانڈویا
پی ایم مودی دو اگست کو نشہ مخالف مہم شروع کریں گے:مانڈویا

 



نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان منسکھ مانڈویا نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی منشیات کی لت کے پیش نظر "نشہ مکت یووا وکست بھارت سنکلپ ابھیان" کے نام سے 100 ہفتوں پر مشتمل ملک گیر مہم شروع کی جا رہی ہے، جس کا افتتاح 2 اگست کو وزیر اعظم نریندر مودی کریں گے۔

مانڈویا نے کہا کہ یہ صرف ایک روزہ مہم نہیں بلکہ وزیر اعظم مودی کی اپیل پر عوامی شراکت سے چلنے والی 100 ہفتوں کی مسلسل مہم ہوگی۔ انہوں نے کہا، "2 اگست 2026 کو وزیر اعظم نریندر مودی 'نشہ مکت یووا وکست بھارت سنکلپ ابھیان' کا آغاز کریں گے اور ملک کے نوجوانوں کو نشہ سے پاک ہندوستان کی تعمیر کے لیے ترغیب دیں گے۔"

انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے تحت آئندہ 100 ہفتوں تک ہر اتوار ملک بھر میں کھیلوں کے مقابلے، واکاتھون، مراقبے کے سیشن، ثقافتی پروگرام، فنونِ لطیفہ کے مقابلے اور اسٹریٹ ڈرامے منعقد کیے جائیں گے۔ منسکھ مانڈویا نے کہا، "منشیات کا مسئلہ تیزی سے سنگین شکل اختیار کر رہا ہے، جو انتہائی تشویش کا باعث ہے۔ میں ملک کے تمام نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ وزیر اعظم کی اس قومی مہم کا حصہ بنیں۔ ملک بھر میں تقریباً 10 ہزار مقامات پر ایک کروڑ سے زائد نوجوان اس قومی عہد میں شریک ہوں گے۔"

انہوں نے بتایا کہ اس مہم میں 'مائی بھارت' پلیٹ فارم کے ذریعے شامل ہوا جا سکے گا۔ اس میں مائی بھارت کے رضاکار، یوتھ کلب، اسکول، کالج، جامعات، غیر سرکاری تنظیمیں (این جی اوز) اور 125 سے زائد روحانی تنظیمیں بھی حصہ لیں گی۔ کھیل کے وزیر نے کہا کہ مہم میں نمایاں خدمات انجام دینے والے رضاکاروں اور تنظیموں کو 50ویں، 75ویں اور 100ویں ہفتے کی تکمیل پر اعزازات سے نوازا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی 2025 کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں تقریباً 1.34 لاکھ کلوگرام منشیات ضبط کی گئیں، جن کی مالیت تقریباً 1,980 کروڑ روپے ہے۔ اسی سال 42,282 ایکڑ پر پھیلی غیر قانونی افیون کی کاشت بھی تباہ کی گئی، جبکہ 2020 میں یہ رقبہ تقریباً 10 ہزار ایکڑ تھا۔