مودی 8 اکتوبر کو نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح کریں گے

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 04-10-2025
مودی 8 اکتوبر کو نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح کریں گے
مودی 8 اکتوبر کو نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح کریں گے

 



ممبئی/ آواز دی وائس
وزیر اعظم نریندر مودی 8 اکتوبر کو 19,647 کروڑ روپے کی لاگت سے بنے نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے پہلے مرحلے کا افتتاح کریں گے۔ مہاراشٹر حکومت کے ایک سینئر افسر نے ہفتے کے روز یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس ہوائی اڈے سے تجارتی پروازوں کا آغاز دسمبر میں ہوگا۔ ہوائی اڈے کو 30 ستمبر کو ہوابازی کے حفاظتی ریگولیٹر ڈی جی سی اے سے لائسنس ملا ہے۔
ممبئی میٹروپولیٹن ریجن میں موجود چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے کے بعد یہ دوسرا ایئرپورٹ ہے، جسے 30 ستمبر کو ڈی جی سی اے سے لائسنس حاصل ہوا۔ یہ منصوبہ نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے کئی مراحل میں تیار کیا جا رہا ہے۔ اس میں اڈانی گروپ کی 74 فیصد شراکت داری ہے، جبکہ باقی 26 فیصد حصہ مہاراشٹر حکومت کے لینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سڈکو کے پاس ہے۔
سڈکو کے وائس چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر وجے سنگھل نے ہفتے کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم 8 اکتوبر کو ہوائی اڈے کا افتتاح کریں گے اور یہ دسمبر سے شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے  بتایا کہ وزیر اعظم دوپہر تقریباً 2:40 بجے نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتریں گے اور تقریباً دو گھنٹے وہاں قیام کریں گے۔ وزیر اعظم پہلے ٹرمینل بلڈنگ کا دورہ کریں گے اور پھر عوام سے خطاب کریں گے۔
تقریباً 1,160 ہیکٹیئر رقبے میں پھیلے اس ہوائی اڈے کے تمام مراحل مکمل ہونے پر اس میں چار ٹرمینل ہوں گے، یہ ہوائی اڈہ ہر سال 9 کروڑ مسافروں کو سہولت فراہم کرے گا اور 32 لاکھ ٹن کارگو کی ترسیل کا انتظام کرے گا۔
سنگھل نے کہا کہ ہم نے ٹرمینل ایک کی تعمیر مکمل کر لی ہے، جس کی سالانہ مسافر گنجائش دو کروڑ ہوگی، کارگو صلاحیت 8 لاکھ ٹن ہوگی اور ایک رن وے ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے مرحلے پر تقریباً 19,647 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں اور جب چاروں ٹرمینل مکمل ہو جائیں گے تو ہمارا تخمینہ ہے کہ لاگت ایک لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ جائے گی۔
سنگھل نے بتایا کہ نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈہ ملک کا پہلا ایسا ایئرپورٹ ہوگا جو ایکسپریس وے، ہائی وے، میٹرو، مضافاتی ریل اور حتیٰ کہ واٹر ٹیکسی سے بھی جڑا ہوگا۔