لکھنؤ،: اتر پردیش کی اہم گنگا ایکسپریس وے پروجیکٹ آخری مرحلے میں پہنچ گئی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی 29 اپریل کو ہر دوئی سے ملک کے سب سے طویل ایکسپریس وے کا افتتاح کریں گے۔ یہ بات ایک سرکاری بیان میں ہفتے کے روز بتائی گئی۔
بیان کے مطابق تقریباً 594 کلومیٹر طویل یہ ایکسپریس وے ملک کے بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں شامل ہے۔ تقریباً 37 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے اس منصوبے کو وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت نے چار بڑے پیکجز میں تقسیم کرکے تیزی سے مکمل کرایا۔
اس منصوبے کو “ملٹی پیکج ماڈل” کے تحت نافذ کیا گیا، جس سے تعمیراتی کام مقررہ وقت میں مکمل ہو سکا۔ اتر پردیش ایکسپریس وے انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (UPEDA) کی سخت نگرانی میں اسے چار حصوں میں تقسیم کرکے مختلف ایجنسیوں سے بیک وقت کام کروایا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ پہلا پیکج 129.70 کلومیٹر طویل ہے جس کی لاگت 9,000 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ دوسرا پیکج 151.70 کلومیٹر کا ہے اور اس کی لاگت بھی تقریباً 9,000 کروڑ روپے ہے۔
تیسرا پیکج 155.70 کلومیٹر طویل ہے جس کی لاگت بھی تقریباً 9,000 کروڑ روپے ہے۔ چوتھا اور سب سے بڑا پیکج 156.847 کلومیٹر کا ہے جس کی لاگت تقریباً 9,500 کروڑ روپے ہے۔ UPEDA نے ڈیزائن، تعمیر اور معیار کے تمام مراحل پر سخت نگرانی رکھی۔
مسلسل جائزے اور زمینی سطح پر نگرانی کے باعث تمام پیکجز مقررہ وقت کے مطابق مکمل ہوئے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ گنگا ایکسپریس وے صرف آمدورفت کی سہولت تک محدود نہیں ہوگا بلکہ اسے ایک اقتصادی کوریڈور کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ مجوزہ انٹیگریٹڈ مینوفیکچرنگ اور لاجسٹکس کلسٹرز ریاست میں صنعتی ترقی کو فروغ دیں گے۔ یہ ایکسپریس وے مغربی اتر پردیش کو مشرقی حصوں سے جوڑے گا، جس سے سفر کا وقت کم ہوگا۔ اس کے علاوہ لاجسٹکس لاگت میں کمی آئے گی، صنعتوں کو بہتر رابطہ ملے گا اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ یہ منصوبہ اتر پردیش کو ایک مضبوط صنعتی اور لاجسٹکس ہب بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔