پی ایم مودی بھی پاکستان سے دہشت گردوں کو پکڑ لائیں:اویسی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 04-01-2026
پی ایم مودی بھی پاکستان سے دہشت گردوں کو پکڑ لائیں:اویسی
پی ایم مودی بھی پاکستان سے دہشت گردوں کو پکڑ لائیں:اویسی

 



نئی دہلی: امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حکم پر وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس واقعے کے بعد آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (AIMIM) کے صدر اسدالدین اویسی کا ردِعمل سامنے آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم نے سنا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی فوج وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو ان کے ملک سے گرفتار کر کے امریکہ لے گئی۔ اگر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو ان کے ملک سے اغوا کر سکتے ہیں تو آپ (وزیراعظم مودی) بھی پاکستان جا کر 26/11 دہشت گرد حملوں کے ماسٹر مائنڈ کو بھارت واپس لا سکتے ہیں۔

پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق، وینزویلا کے واقعے کے بعد بھارت نے ہفتہ (3 جنوری 2026) کی رات اپنے شہریوں کو وینزویلا کی صورتحال کے پیشِ نظر وہاں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے۔

وزارت نے یہ ایڈوائزری وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی امریکہ کی جانب سے گرفتاری سے جڑے واقعات کے تناظر میں جاری کی۔ وزارتِ خارجہ نے وینزویلا میں موجود تمام بھارتی شہریوں سے بھی انتہائی احتیاط برتنے اور اپنی نقل و حرکت محدود رکھنے کو کہا ہے۔

وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا، “وینزویلا میں حالیہ واقعات کو دیکھتے ہوئے بھارتی شہریوں کو وہاں تمام غیر ضروری سفروں سے سختی سے بچنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا، جو بھارتی شہری کسی بھی وجہ سے وینزویلا میں موجود ہیں، انہیں انتہائی محتاط رہنے، اپنی سرگرمیاں محدود رکھنے اور کاراکاس میں واقع بھارتی سفارت خانے کے ساتھ رابطے میں رہنے کی ہدایت دی جاتی ہے۔

وینزویلا میں تقریباً 50 غیر مقیم بھارتی (این آر آئی) اور 30 بھارتی نژاد افراد رہائش پذیر ہیں۔ امریکی کارروائی کے بعد وینزویلا میں سیاسی غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ روس اور چین سمیت کئی بڑے ممالک نے مادورو اور ان کی اہلیہ کو حراست میں لیے جانے کے اقدام پر واشنگٹن کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔