نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے 21 اپریل 2026 کو راجستھان ریفائنری کے مجوزہ افتتاحی پروگرام کو خام تیل کی ڈسٹلیشن یونٹ کے قریب آگ لگنے کے بعد ملتوی کر دیا گیا ہے۔ پٹرولیم وزارت نے پیر کو یہ اطلاع دی۔
وزارت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ ایچ پی سی ایل راجستھان ریفائنری لمیٹڈ کے احاطے میں خام تیل کی ڈسٹلیشن یونٹ کے قریب آگ لگ گئی تھی، تاہم اس پر قابو پا لیا گیا ہے اور اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ وزارت کے مطابق، آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگانے اور ضروری اصلاحی اقدامات کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
افتتاحی تقریب کی نئی تاریخ بعد میں اعلان کی جائے گی۔ وزارت نے کہا، “آج ایچ آر آر ایل ریفائنری میں کروڈ ڈسٹلیشن یونٹ کے قریب آگ لگنے کے باعث وزیر اعظم کے 21 اپریل کو طے شدہ افتتاحی پروگرام کو ملتوی کیا گیا ہے۔ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔” وزیر اعظم نریندر مودی منگل کو اس ریفائنری کا افتتاح کرنے والے تھے۔
وہ بالوترا کے پچپدرا میں واقع بھارت کے پہلے نئے مربوط ریفائنری و پیٹروکیمیکل کمپلیکس کو قوم کے نام وقف کرنے والے تھے۔ یہ منصوبہ 79,450 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے اور اسے بھارت کے توانائی اور پیٹروکیمیکل شعبے میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ پروجیکٹ ہندوستان پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (ایچ پی سی ایل) اور راجستھان حکومت کے مشترکہ منصوبے کے طور پر تیار کیا گیا ہے، جس کی سالانہ صلاحیت 90 لاکھ ٹن ہوگی۔