پریکشا پہ چرچا: گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام درج

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 07-08-2025
پریکشا پہ چرچا: گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام درج
پریکشا پہ چرچا: گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام درج

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیرِ اعظم نریندر مودی کا نام ایک بار پھر گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج کر لیا گیا ہے۔ ’پریکشاپہ چرچا‘ پروگرام کو ایک مہینے میں سب سے زیادہ 3.53 کروڑ رجسٹریشنز حاصل کرنے پر یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ ایک بار پھر دھرمیندر پردھان کی قیادت والے وزارت سے جڑی پہل کے تحت وزیر اعظم مودی کو یہ عالمی ریکارڈ حاصل ہوا ہے۔
یہ دوسرا موقع ہے جب دھرمیندر پردھان نے وزیر اعظم نریندر مودی کو گنیز بُک کا سرٹیفیکیٹ پیش کیا ہے۔ ’پریکشاپہ چرچا‘ کو ایک مہینے کے اندر سب سے زیادہ رجسٹریشن حاصل کرنے والے عوامی شرکت کے پلیٹ فارم کے طور پر یہ مقام حاصل ہوا ہے۔ اس پروگرام میں وزیر اعظم مودی امتحانات سے قبل طلبہ سے براہِ راست بات چیت کرتے ہیں، جس سے ملک بھر میں طلبہ، والدین اور اساتذہ کے درمیان جوش و خروش اور بھرپور شرکت دیکھنے کو ملتی ہے۔
امتحان کے دباؤ کو کم کرتا ہے یہ پروگرام
یہ پروگرام نہ صرف امتحانات کے دباؤ کو کم کرتا ہے بلکہ اسے ایک تحریک اور حوصلہ افزائی کے تہوار میں تبدیل کر دیتا ہے۔ اس سے قبل 2015 میں جب دھرمیندر پردھان پیٹرولیم اور قدرتی گیس کے وزیر تھے، تب ’پہل‘ (ایل پی جی کے لیے براہِ راست فائدہ منتقلی) اسکیم کے تحت 12.57 کروڑ خاندانوں کو نقد رقم کی منتقلی کی گئی تھی، جسے دنیا کے سب سے بڑے نقد منتقلی پروگرام کے طور پر تسلیم کیا گیا تھا۔
گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈز میں مودی حکومت کی چار پہلیں
اب تک مودی حکومت کی چار پہلوں کو گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے تسلیم کیا جا چکا ہے، جن میں سے دو دھرمیندر پردھان کی قیادت میں انجام پائیں۔ ان کے علاوہ بین الاقوامی یومِ یوگا (2015) اور پردھان منتری جن دھن یوجنا کو بھی عالمی ریکارڈز کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ اس طرح مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان، بنا کسی خاص چرچے کے، گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈز میں ہندوستان کا نام مسلسل شامل کروا رہے ہیں۔