پی ایم مودی کے من کی بات: مقامی مصنوعات کو اپنانا خود انحصاری کو مضبوط بناتا ہے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 30-11-2025
پی ایم مودی کے من کی بات: مقامی مصنوعات کو اپنانا خود انحصاری کو مضبوط بناتا ہے
پی ایم مودی کے من کی بات: مقامی مصنوعات کو اپنانا خود انحصاری کو مضبوط بناتا ہے

 



نئی دہلی:وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کو اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ میں خطاب کرتے ہوئے کھیل، سیاحت، مقامی مصنوعات، سائنس، ثقافت اور قومی سلامتی سمیت مختلف موضوعات پر اپنے خیالات پیش کیے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نومبر کا مہینہ متعدد تحریکیں اور کامیابیاں لے کر آیا ہے، جن پر پورا ملک فخر کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کل ملک میں اینڈورینس اسپورٹس کی ثقافت تیزی سے پروان چڑھ رہی ہے، جن میں انسانی صلاحیت کی کڑی آزمائش ہوتی ہے۔ انہوں نے آئرن مین جیسے مشکل ترین مقابلوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت بھر میں ہر ماہ 1500 سے زیادہ اینڈورینس ایونٹس منعقد ہو رہے ہیں، جن میں نوجوان بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے اس ماہ کو کھیلوں کے لیے ’’سپر ہٹ‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے خواتین ورلڈ کپ جیتنے، ڈیفlympics میں 20 تمغے حاصل کرنے، کبڈی ورلڈ کپ جیتنے اور باکسنگ میں شاندار کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے کھلاڑی مسلسل ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’بلائنڈ خواتین ٹیم نے بغیر ایک بھی میچ ہارے ورلڈ کپ جیتا، جو پوری قوم کے لیے فخر کی بات ہے۔‘‘

وزیراعظم مودی نے ’ووکَل فار لوکل‘ کے منتر کو فروغ دینے کی اپیل کی اور بتایا کہ جی20 اجلاس کے دوران انہوں نے عالمی رہنماؤں کو ایسے تحائف دیے جو ہندوستانی کاریگروں کی مہارت کو دنیا کے سامنے لاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی مصنوعات کو اپنانا خود انحصاری کو مضبوط بناتا ہے۔

انہوں نے ملک والوں سے کرسمس سمیت آنے والے تہواروں میں بھی لوکل مصنوعات کو ترجیح دینے کی اپیل کی۔ اپنے بھوٹان کے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ بھوٹان میں ہر شخص بھارت کی جانب سے بھگوان بدھ کے مقدس آثار بھیجے جانے پر بے حد خوش تھا۔ انہوں نے اسے دونوں ممالک کے دیرینہ ثقافتی رشتوں کی مضبوطی قرار دیا۔

وزیراعظم نے ملک میں ونٹر ٹورازم کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو بھی نمایاں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اتراکھنڈ میں آدی کیلایش کی ہائی ایلٹیٹیوڈ میراتھن اور ٹورازم سرگرمیوں کی وجہ سے پہلے دو ہزار سالانہ آنے والی تعداد بڑھ کر 30 ہزار ہو گئی ہے، جو ایک بڑی تبدیلی ہے۔

قومی سلامتی پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ گزشتہ دنوں INS ماہے کا لانچ ملک کی بحریہ کی قوت میں اضافہ کرے گا۔ انہوں نے 4 دسمبر کو منائے جانے والے نیوی ڈے کے لیے اہلِ وطن سے بحریہ کے جوانوں کو سلام پیش کرنے کی اپیل کی۔

مودی نے دنیا میں امن و انسانیت کے لیے بھارت کی قدیم روایتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دوسری عالمی جنگ کے دوران جام نگر کے جام صاحب نے ہزاروں یہودی بچوں کو پناہ دے کر ایک عظیم مثال قائم کی، جس کی آج بھی عالمی سطح پر تعریف ہوتی ہے۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کی بات کرتے ہوئے انہوں نے چندریان-2 کی ناکامی کے بعد سائنسدانوں کے حوصلے اور چندریان-3 کی تیاری کو قابلِ ستائش قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں آج شہد کی پیداوار ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن سے تجاوز کرچکی ہے، جس سے ہزاروں لوگوں کو روزگار ملا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کا اسپیس ایکو سسٹم تیزی سے مضبوط ہو رہا ہے اور اسکائی روٹ انفینیٹی کیمپس جیسے اقدامات نوجوانوں کو نئی سمت دے رہے ہیں۔

ملک نے زرعی پیداوار میں بھی نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں، جبکہ حال ہی میں بھارت کو کامن ویلتھ گیمز کی میزبانی بھی ملی ہے۔ آخر میں وزیراعظم نے کہا کہ ’من کی بات‘ کے ذریعے وہ ملک کی عوامی کوششوں، کامیابیوں اور کہانیوں کو احترام کے ساتھ سامنے لاتے رہیں گے۔ انہوں نے سردیوں میں صحت کا خیال رکھنے کی ہدایت کی اور اگلے مہینے نئے موضوعات کے ساتھ دوبارہ گفتگو کا وعدہ کیا۔