دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد جموں وکشمیر کا مودی کا پہلا دورہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 23-04-2022
دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد جموں وکشمیر کا مودی کا پہلا دورہ
دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد جموں وکشمیر کا مودی کا پہلا دورہ

 

 

جموں : مرکز کی طرف سے ریاست کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور اسے دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کرنے کے دو سال بعد وزیر اعظم نریندر مودی کی آج جموں و کشمیر میں اپنی پہلی عوامی تقریب منعقد ہوگی۔

مودی کے دورے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پیلی میں ایک بڑے استقبال کی توقع ہے، جموں خطہ میں بی جے پی کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب میں دسیوں ہزار لوگ ان کے استقبال کے لیے انتظار کر رہے ہیں۔

 پی ایم مودی پنچایتی راج کے موقع پر ایک تقریب کی صدارت کریں گے -- ایک ایسا دن جو نچلی سطح پر جمہوریت کی یادگار ہے۔

لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ آج کے پروگرام میں پی ایم مودی خطے کو "ترقی کے ایک نئے دور میں" کی قیادت کرتے ہوئے دیکھیں گے۔

آج کی تقریب اگست 2019 کے بعد جموں و کشمیر میں پی ایم مودی کی پہلی باضابطہ عوامی نمائش ہوگی، حالانکہ پی ایم مودی نے لائن آف کنٹرول کے ساتھ تعینات فوجیوں کے ساتھ تہوار منانے کے لیے غیر رسمی دورے کیے ہیں۔

 وزیر اعظم 20,000 کروڑ روپئےسے زیادہ مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے، جس میں مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے دونوں خطوں کے درمیان ہمہ موسمی رابطے کے لیے بانہال-قاضی گنڈ روڈ ٹنل کا افتتاح بھی شامل ہے۔

 وزیر اعظم کے دفتر یا پی ایم او نے ایک بیان میں کہا کہ وہ قومی پنچایتی راج دن منائیں گے اور ملک بھر میں گرام سبھا سے خطاب کریں گے۔

 پی ایم او نے کہا کہ ملک کے ہر ضلع میں 75 آبی ذخائر کو ترقی دینے اور بہتر بنانے کے لیے پی ایم مودی 'امرت سروور' کے نام سے ایک پہل شروع کریں گے۔

 بانہال-قاضی گنڈ روڈ ٹنل، جو  3,100 کروڑ سے زیادہ کی لاگت سے بنائی گئی ہے، 8.45 کلومیٹر لمبی ہے اور اس سے بانہال اور قاضی گنڈ کے درمیان سڑک کا فاصلہ 16 کلومیٹر کم ہو جائے گا، اور سفر کے وقت میں تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر کی کمی آئے گی۔

عوامی تقریب  میں ایک لاکھ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔ یہ جلسہ جموں خطہ کے سانبہ ضلع کے پنچایت پالی میں منعقد ہو رہا  ہے۔اس بار وزیر اعظم کے دورے میں کشمیر شامل نہیں ہے۔ان کے ماضی کے دوروں کے برعکس جہاں وہ سابقہ ​​ریاست جموں و کشمیر کے تینوں خطوں تک پہنچیں تھے۔ قومی دھارے کی سیاسی جماعتوں مثلاً نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی وزیر اعظم کے دورے پر کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔ وہ دونوں سیاسی جماعتیں خاموش ہیں۔ ماضی میں بھی ایسا ہی ہوتا رہا ہے۔

مودی حکومت نے سابقہ ​​ریاست جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو ختم کرکے اس کی خصوصی حیثیت کو ختم کردیا اور اسے جموں و کشمیر اور لداخ کو مرکز کے دوزیر انتظام علاقے میں تقسیم کردیا۔ مئی 2014 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے اب تک وزیراعظم نریندر مودی جموں و کشمیر کے 12 مرتبہ دورہ کر چکے ہیں۔ خیال رہے کہ مودی نے آخری بار دفعہ 370 کی منسوخی سے چھ ماہ قبل 3 فروری 2019 کو جموں و کشمیر اور لداخ کے دونوں علاقے کا دورہ کیا تھا۔ وہیں اگست 2019 کے بعد وزیراعظم نریندرمودی نے جموں خطے میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ راجوری ضلع کا دورہ کیا،جہاں وہ 27 اکتوبر 2019 کو دیوالی کے موقع پر فوجیوں کے ساتھ شامل ہوئے تھے۔ ان کے جموں و کشمیر کے پانچ دورے جولائی اور دسمبر 2014 کے درمیان ہوئے۔ اس کے بعد 2015 میں ایک دورہ، 2016 اور 2017 میں دو دورے، 2018 میں ایک اور 2019 میں دو دورے ہوئے۔

ماضی کے برعکس وزیراعظم کی طرف سے اعلان کیے جانے والے کسی "سیاسی یا اقتصادی پیکج" پر کوئی لفظ نہیں ہے۔ خیال رہے کہ 24 اپریل 1993 کو 73ویں آئینی ترمیم کے بعد جموں و کشمیر میں پہلی بار’یوم قومی پنچایت‘ منایا جا رہا ہے۔ اس لیے یوم قومی پنچایت کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ اگرچہ یہ دن 2010 سے پورے ملک میں منایا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ 5 اگست 2019 کو دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر کے مرکز کے انتظام علاقے میں شامل کرلیا گیا۔ وہیں کورونا وائرس پروٹوکول کے پیش نظر پچھلے دو سالوں کے دوران یہ دن نہیں منایا جا سکا۔

آل جے اینڈ کے پنچایت کانفرنس کے چیئرمین شفیق میر نے کہا کہ یہ دن جموں و کشمیر کے لیے اہم ہے اور اسی لیے وزیر اعظم اس موقع پر شرکت کر رہے ہیں۔ جموں و کشمیر میں پہلے بھی پنچایتی انتخابات ہوئے تھے، تاہم زمینی سطح پریہ مشق 2018 اور 2020 کے درمیان تین مرحلوں میں مکمل کی گئی تھی۔ سرپنچوں تک پنچایتی انتخابات 2018 میں ہوئے، جس کے بعد 2019 میں بلاک کی سطح کے دوسرے درجے کے بلاک ڈیولپمنٹ کونسلز (BDCs) کا انتخاب ہوا۔ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کونسلز (DDCs) کے انتخاب کا تیسرا اور آخری مرحلہ دسمبر 2020 میں منعقد ہوا۔

یوم قومی پنچایت راج کے موقع پروزیر اعظم نریندر مودی جموں و کشمیر کو ترقی کے ایک نئے دور میں لے جائیں گے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ 38,082 کروڑ روپے کی صنعتی ترقی کی تجاویز کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں ملک اور بیرون ملک کے نامور صنعت کارو شرکت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں چار لاکھ سے زائد بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

جموں و کشمیر میں اگلے چار سالوں میں بجلی کی پیداواری صلاحیت کو دوگنا کرنے کے لیے، وزیر اعظم 850 میگاواٹ رتلے پاور پروجیکٹ اور 540 میگاواٹ کے کوار ہائیڈرو پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔اس کے علاوہ وزیراعظم پانچ ایکسپریس ویز کا سنگ بنیاد رکھیں گے، اور بانہال-قاضی گنڈ ٹنل کا افتتاح کریں گے۔ یہ جانکاری لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے دی ہے۔

پالی پنچایت کے اپنے دورے کے دوران، وزیر اعظم مرکز کے زیرانتظام علاقے کے سرپنچوں، پنچوں اور مدعو افراد سے بات چیت کریں گے۔

وہ دبئی کے کاروباری وفد سے ملاقات کے علاوہ انٹیک فوٹو گیلری نوکیا سنٹر، اور مختلف شعبہ جات کی نمائش کا بھی دورہ کریں گے۔ جموں خطہ کے ادھم پور لوک سبھا حلقہ کی نمائندگی کرنے والے مرکزی وزیر مملکت، پی ایم او، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہاکہ وزیر اعظم کی ریلی میں ٹیکنالوجی کی نمائش اسٹارٹ اپس کو ترغیب دے گی اور ملک بھر میں روزی روٹی کے بے پناہ نئے مواقع کے بارے میں بیداری پیدا کرنے میں مدد کرے گی۔ بیداری کی کمی کی وجہ سے اس خطے میں خاطر خواہ ترقی نہیں ہوئی ہے۔

ڈاکٹرجتیندرسنگھ نے کہا کہ کاربن فری سولر پلانٹ کل 6,408 مربع میٹر کے رقبے پر لگایا گیا ہے اور اسے 18 دنوں کے ریکارڈ وقت میں مکمل کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعہ سے پنچایت کے 340 گھروں کو صاف بجلی اور روشنی فراہم کی جائے گی۔ مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ اسے سائنس و ٹکنالوجی کی وزارت اور سینٹرل الیکٹرانکس لمیٹڈ کے تحت بنایا گیا ہے۔ 5 اگست 2019 کے بعد وزیراعظم نریندر مودی کا جموں و کشمیر کے لیے یہ پہلا دورہ ہے۔