نئی دہلی/ آواز دی وائس
منگل کے روز وزیر اعظم نریندر مودی نے نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی پارلیمانی پارٹی کی ایک اہم میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں انہوں نے "آپریشن سیندور" پر تفصیل سے بات کی اور مانسون اجلاس کے حوالے سے بھی کئی نکات اٹھائے۔
وزیراعظم مودی کا اپوزیشن پر سخت حملہ
اس میٹنگ میں وزیر اعظم مودی نے زور دے کر کہا کہ اپوزیشن اپنی قبر خود کھود رہا ہے۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر این ڈی اے کے کئی ممبران پارلیمنٹ نے بتایا کہ وزیر اعظم مودی نے تمام اتحادی جماعتوں کو یقین دہانی کرائی کہ ملک سب کچھ دیکھ رہا ہے۔ چاہے پارلیمنٹ میں کام نہ ہو رہا ہو، لیکن ملک کی نظر ہر ایک چیز پر ہے اور بہت کچھ ہو رہا ہے۔
ایک اور این ڈی اے ممبر پارلیمنٹ نے انڈین ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم نے پارلیمنٹ میں دیے گئے اپنے حالیہ خطاب کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی تقریر کا آغاز یہ کہہ کر کیا تھا کہ وہ ہندوستان کا مؤقف پیش کرنے کے لیے کھڑے ہوئے ہیں۔ اس کے ذریعے انہوں نے یہ اشارہ دے دیا کہ اپوزیشن دوسری طرف کھڑا ہے۔
راہل گاندھی پر بھی تنقید
رپورٹ کے مطابق، وزیر اعظم نے میٹنگ کے دوران راہل گاندھی سے متعلق بھی کچھ باتیں کیں۔ خاص طور پر سپریم کورٹ کی جانب سے راہل کے چین سے متعلق بیان پر لگائی گئی پھٹکار کا ذکر بھی کیا گیا۔
کیا کوئی قرارداد منظور ہوئی؟
این ڈی اے کی پارلیمانی میٹنگ میں ایک باضابطہ قرارداد بھی منظور کی گئی۔ اس میں صاف طور پر کہا گیا کہ این ڈی اے کی حکومت بننے سے پہلے ملک بھر میں دہشتگردی کا انفراسٹرکچر پھیلا ہوا تھا۔ ہر شہر میں بم دھماکے ہوتے تھے، چاہے بات پٹنہ کی ہو، بنگلورو، ممبئی، گوہاٹی، وارانسی، احمد آباد یا حیدرآباد کی۔ لیکن اب حالات بدل چکے ہیں۔
وزیر اعظم مودی کی کھل کر تعریف
این ڈی اے کی طرف سے منظور شدہ اس قرارداد میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کی بھی خوب تعریف کی گئی۔ تین نکات پر سب سے زیادہ زور دیا گیا کہ اگر ہندوستان پر اب کوئی دہشتگرد حملہ کرے گا، تو اسے مناسب جواب دیا جائے گا اور وہ بھی ہندوستان کی اپنی شرائط پر۔
ہندوستان اب کسی بھی طرح کی نیوکلئیر بلیک میلنگ کا شکار نہیں بنے گا۔ ہندوستان دہشتگردوں کے سرغنہ اور دہشتگردی کی حمایت کرنے والی حکومت کے درمیان کوئی فرق نہیں کرے گا۔
قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ وزیر اعظم کی دور اندیشی کی بدولت "آپریشن سیندور" کے دوران ڈرون انقلاب سے ملک کو زبردست فائدہ پہنچا۔