وزیر اعظم مودی نے تقسیم ہند کے متاثرین کو یاد کیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 14-08-2026
وزیر اعظم مودی نے تقسیم ہند کے متاثرین کو یاد کیا
وزیر اعظم مودی نے تقسیم ہند کے متاثرین کو یاد کیا

 



نئی دہلی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز تقسیم ہند سے متاثر ہونے والے لوگوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے تقسیم کے متاثرین کی ہمت اور حوصلے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ تقسیم ہند کے المیے کو یاد کرنے کا یہ دن ملک میں ہم آہنگی اور بھائی چارے کے عزم کو مزید مضبوط کرنے کا موقع ہے۔وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج تقسیم ہند کے ہولناک واقعات کو یاد کرنے کا دن ہے۔ اس موقع پر ہم ان تمام لوگوں کی ہمت کو یاد کرتے ہیں جو تقسیم سے متاثر ہوئے۔ یہ تاریخ کا وہ لمحہ تھا جس نے بے شمار زندگیاں تباہ کر دیں۔ خاندان اپنے گھروں سے بے دخل ہوگئے۔ اپنوں سے جدائی ہوئی اور لوگوں نے بے پناہ مصائب برداشت کیے۔

انہوں نے کہا کہ ان مشکلات کے باوجود لوگوں نے صفر سے اپنی زندگیاں دوبارہ شروع کیں۔ انہوں نے مشکلات کو کامیابی میں بدلا اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ان لوگوں کی زندگی کا سفر ہمیں انسانی حوصلے کی طاقت کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ دن ملک میں ہم آہنگی اور بھائی چارے کے تحفظ کے عزم کو مزید مضبوط کرے گا اور سب مل کر ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لیے کام کریں گے۔14 اگست کو ہندوستان میں تقسیم ہند کے ہولناک واقعات کو یاد کرنے کا دن منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر 1947 میں تقسیم ہند کے دوران اپنی جانیں گنوانے اور اپنے گھروں سے بے گھر ہونے والے لوگوں کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔

ہندوستان نے 15 اگست 1947 کو برطانوی حکمرانی سے آزادی حاصل کی۔ ہر سال 15 اگست کو یوم آزادی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ یہ کسی بھی قوم کے لیے خوشی اور فخر کا موقع ہوتا ہے۔ تاہم آزادی کی خوشی کے ساتھ تقسیم کا گہرا صدمہ بھی وابستہ تھا۔ نئی آزاد ہندوستانی ریاست کا قیام تقسیم کے خونریز واقعات کے ساتھ ہوا جس نے لاکھوں لوگوں کے دلوں اور زندگیوں پر مستقل زخم چھوڑے۔تقسیم ہند انسانی تاریخ کی سب سے بڑی ہجرتوں میں سے ایک کا سبب بنی۔ اس سے تقریباً 20 ملین افراد متاثر ہوئے۔ لاکھوں خاندان اپنے آبائی گاؤں۔ قصبوں اور شہروں کو چھوڑنے پر مجبور ہوئے اور انہیں مہاجرین کی حیثیت سے نئی زندگی شروع کرنا پڑی۔