نئی دہلی:وزیراعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز کہا کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سماج کے مختلف طبقوں کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے، لیکن اس کی مختلف شاخوں کے درمیان کبھی کوئی اختلاف نہیں ہوتا کیونکہ یہ سب ’’راشٹر پرتھم‘‘ (قوم پہلے) کے اصول پر کام کرتے ہیں۔
آر ایس ایس کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا کہ سنگھ کے سویم سیوک (رضاکار) قوم کی خدمت اور سماج کو بااختیار بنانے کے لیے مسلسل محنت کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا: ’’آج جاری کیا گیا یہ ڈاک ٹکٹ ایک خراجِ عقیدت ہے، جو 1963 کی یومِ جمہوریہ پریڈ میں فخر کے ساتھ مارچ کرنے والے آر ایس ایس کے رضاکاروں کی یاد دلاتا ہے۔
اپنی تشکیل کے بعد سے ہی سنگھ نے راشٹر نرمان (قوم سازی) پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔ آر ایس ایس سماج کے مختلف طبقوں کے ساتھ کام کرتا ہے، مگر اس کی شاخوں میں کوئی اختلاف نہیں ہوتا، کیونکہ یہ سب قوم کو اولین حیثیت دیتے ہیں۔‘‘ مودی نے کہا کہ آر ایس ایس ’’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘‘ (ایک بھارت، عظیم بھارت) کے نظریے پر یقین رکھتا ہے، حالانکہ آزادی کے بعد اسے قومی دھارے میں شامل ہونے سے روکنے کی کوششیں کی گئیں۔
انہوں نے کہا: ’’تنوع میں اتحاد ہمیشہ بھارت (ہندوستان) کی روح رہا ہے۔ اگر یہ اصول ٹوٹا تو بھارت کمزور ہو جائے گا۔ چیلنجوں کے باوجود آر ایس ایس مضبوطی کے ساتھ کھڑا ہے اور مسلسل قوم کی خدمت میں مصروف ہے۔‘‘ یاد رہے کہ کیشو بلی رام ہیڈگیوار نے 1925 میں ناگپور میں آر ایس ایس کی بنیاد ایک رضاکار تنظیم کے طور پر رکھی تھی، جس کا مقصد شہریوں میں ثقافتی بیداری، نظم و ضبط، خدمت اور سماجی ذمہ داری کو فروغ دینا تھا۔
وزیراعظم مودی خود بھی ایک وقت میں آر ایس ایس پرچارک (مبلغ) رہے ہیں اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہونے سے قبل ایک ماہر تنظیم کار کے طور پر اپنی شناخت قائم کی تھی۔ بی جے پی کی نظریاتی تحریک کا سرچشمہ یہی ہندوتو سے متاثر تنظیم ہے۔